تلنگانہ میں پنشن اسکیم آسرا کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

تلنگانہ میں پنشن اسکیم آسرا کا آغاز

حیدرآباد/ شاد نگر
یواین آئی
حکومت تلنگانہ کی منفرد و اختراعی اسکیم ’آسرا‘ کو آج ریاست گیر پیمانہ پر متعارف کرایا گیا ۔ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر کے مستحقین اور جسمانی معذورین کو ہر ماہ مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع محبوب نگر کے کتور کے مقام پر اس اسکیم کا آغاز کیا ۔ اس طرح آج سے ریاست بھر میں اس اسکیم’آسرا‘ کو روبہ عمل لایاجائے گا ۔ جس کے تحت مستحق بافندں، تاڑی تاسندوں، معمرین ، بیواؤں کو ہر ماہ فی کس ایک ہزار روپے جب کہ جسمانی معذورین کو ماہانی فی کس1500روپے وظیفہ دیاجائے گا۔ چندر شیکھرراؤ نے یہاں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام ، مستحقین کو اس اسکیم سے مستفید کرائے گی جب کہ سابق میں اس اسکیم سے غیر مستحق افراد کو استفادہکا موقع فراہم کیا گیا تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا ۔ صرف مستحق افراد کو ہی ماہانہ وظائف مل پائیں گے انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں کے تمام مکانات میں نل کنکشن دینے اور نلوں میں پانی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ اگر وہ اس وعدہ کو مکمل کرنے میں ناکام رہے تو وہ2019کے انتخابات میں عوام سے ووٹ بھی نہیں مانگیں گے ۔
راؤ نے مزید کہا کہ ریاست میں مجوزہ واٹر گرڈ کے قیام کی بابت سروے کے لئے1500کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابی وعدے کے مطابق کسانوں کے قرضوں کو معاف کردیا ہے جب کہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو اپنے اس وعدہ کو تاحال پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مزید تین برسوں تک برقی قلت برقرار رہے گی ۔ اس کے بعد ریاست میں بلا خلل برقی سربراہی کو یقینی بنایاجائے گا ۔ نمائندہ منصف کے بموجب محبوب نگر ایم پی جتندر ریدی کی شکایت پر چیف منسٹر نے کہا کہ کتور اور اس کے قرب و جوار میں واقع فیاکٹریز انتظامیہ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی ہدایت دی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے ریاست میں جاری برقی بحران پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت کے اقدامات کے بارے میں بھی عوام کو بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ سے برقی خریدی کا معاہدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا بیڑا اٹھا یا ہے جس کا آغاز اندرون ایک ہفتہ ہوجائے گا، پنچایت راج سڑکوں کی تعمیر کے لئے600کروڑ روپے منظور کئے گئے۔ قبل ازیں ایم پی جتندر ریڈی اور رکن اسمبلی شادنگر انجیایادو نے بھی تقاریر کیں ۔ پروگرام میں ارکان اسمبل سرینواس گوڑ، لکشما ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، ضلع کلکٹر پریہ درشنی اور دیگر افراد شریک تھے ۔

Telangana CM launches pension scheme 'Aasara'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں