مجلس کے خلاف شنڈے کی دختر کا بیان معاندانہ ذہنیت کا نتیجہ - اسد اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

مجلس کے خلاف شنڈے کی دختر کا بیان معاندانہ ذہنیت کا نتیجہ - اسد اویسی

حیدرآباد
اعتماد نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کی دختر اور مہاراشٹرا حلقہ اسمبلی شولا پور کی نو منتخب رکن پرانیتی شنڈے کے مجلس اتحاد المسلمین کے خلاف دئیے گئے بیان کو معاندانہ غیر شریفانہ اور بوکھلاہٹ سے عبارت قرار دیا ۔ اور کہا کہ اگر پرانیتی شنڈے مجلس سے متعلق اپنے بیان پر معذرت خواہی نہیں کرتی ہیں تواس کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیاجائے گا۔ واضح ہو کہ پرانیتی شنڈے کل ایک بیان جاری کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے ملک دشمن اور مخالف عوام جماعت سے تعبیر کیا ہے ۔ مجلس کے ہیڈ کوارٹردارالسلام پر میڈیا کے مختلف نمائندوں کی جانب سے شنڈے کی دختر کے بیان سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر اسد الدین نے کہا کہ2004سے 2012ء تک مجلس اتحاد المسلمین یوپی اے کا حصہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی نازک مرحلوں پر یوپی اے حکومت کو بچانے مجلس نے اپنا کردار نبھایا ہے ۔ جولائی2008میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر منموہن سنگھ حکومت کو بچانے میں مجلس نے اپنا کردار نبھایا تھا ۔2004ء کے انتخابات کے وقت کانگریس کی تائید کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ2009کے پارلیمانی انتخابات میں سشیل کمار شنڈے نے حلقہ لوک سبھا شولا پور سے مجلس کی مدد حاصل کی تھی ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ2009کے عام انتخابات میں مہاراشٹرا سے مجلس نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے ۔ صدر مجلس نے سوال کیا کہ اتنے طویل عرصہ میں کبھی مجلس سشیل کمار شنڈے یا ان کی دختر کے لئے ملک دشمن نظر نہیں آئی اور آج جب کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست ہوئی اورخود شنڈے کی دختر کو ان کے ہی آبائی حلقہ سے بڑی مشکل سے کامیابی حاصل ہوئی ہے تب انہیں مجلس میں کھوٹ نظر آرہی ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ قومی یکجہتی ملک کی وحدت و سالمیت پر مجلس کوئی سودا نہیں کرتی ۔
جمہوریت میں ہر سیاسی جماعت کو اپنا موقف اختیار کرنے کی آزادی حاصل ہے ۔ آج مجلس مہاراشٹرا میں داخل ہوئی اور عوام نے اسے اپنایا ہے ۔ ایسے میں سشیل کمار شنڈے اور کانگریس کی نظر میں مجلس کھٹکنے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرامیں انتخابی شکست کے بعد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانگریس اس کا کوئی سبق حاصل کرنا نہیں چاہتی ۔ جس طرح مجلس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے یہ عمل خود کانگریسیوں کے لئے خطرہ کی علامت بنتا جارہا ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ پرانیتی شنڈے نے مجلس کے خلاف جس طرح چرب زبانی کی ہے اس کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیاجائے گا۔بیرسٹر اویسی نے کہا کہ کانگریس قائدین اپنی غلطیوں ، کو تاہیوں کا محاسبہ کرنے کے بجائے مجلس کو مورد الزام ٹھہرارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام حقائق سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار سیاستداں مجلس کو بدنام کرنے مختلف قسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں ۔ مجلس نے واضح کیا کہ اس طرح کے عمل سے مجلس کو خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ مجلس مزیدطاقت کے ساتھ آگے بڑھے گی اور محرومیوں کا شکار اقلیتوں و پچھڑے طبقات کو جمہوریت کا شراکت دار بنانے اپنی جدو جہد جاری رکھے گی ۔

Shinde's daughter's remarks against MIM is result of hostile mentality - Asad Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں