علاقائی جماعتیں عوام کے جذبات کا استحصال کر رہی ہیں - کشمیری کانگریسی قائد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

علاقائی جماعتیں عوام کے جذبات کا استحصال کر رہی ہیں - کشمیری کانگریسی قائد

سری نگر
یو این آئی
کانگریس قائد عبدالغنی وکیل نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں علاقائی جماعتیں خود اختیاری کے مسئلہ پر عوام کا استحصال کررہی ہیں اور کانگریس، عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ سابق وزیر نے علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کو بالواسطہ طور پر عوام کے جذبات سے کھلواڑ کرنے کا ملزم ٹھہرایا ۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ جب بھی انتخابات قریب ہوتے ہیں یہ علاقائی جماعتیں ہندوستان کے ساتھ الحاق ، خود اختیاری اور حق خودارادیت کے مسئلہ پر عوام کا استحصال کرنے لگ جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران یہ طاقتیں مزید سرگرم ہوجاتی ہیں ، تاکہ عوام کو حقیقت سے بعید خواب دکھا کر انہیں اپنی طر ف راغب کرسکیں ۔ وہ عوام کو بے وقوف بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں لیکن بر سر اقتدار آنے کے بعد وہ یہ تمام مسائل فراموش کردیتی ہیں اور اپنی مکمل میعاد تک خوابیدہ ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ جذباتی استحصال کی علاقائی سیاست کو سمجھیں جو ان کے لئے کبھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی پی کی حق خود ارادیت کی تجویز یا نیشنل کانفرنس کی خود اختیاری کی تجویز ، مسئلہ کشمیر کو حل کرسکتی ہے ۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اسی وقت حل کیاجاسکتا ہے جب تمام جماعتیں بشمول حریت کانفرنس کے قائدین مل بیٹھیں اور تینوں علاقوں کے عوام کی امنگوں پر غور کریں ۔ اسی صورت میں کوئی حقیقی حل برآمد ہوسکتا ہے ۔ عبدالغنی وکیل نے شمالی کشمیر کے نوپورہ رفیع آباد اور روحاما میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ریاستی عوام اب کسی کو اپنے جذبات کو مزید استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی سیاست نفرت او ر تعصب سے آلودہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی ایسی جماعت ہے جو ریاست کے تینوں علاقوں کی مساوی ترقی میں یقین رکھتی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں