آندھرا پردیش کو سرمایہ کاری کا پسندیدہ مرکز بنایا جائے گا- چندرابابو نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

آندھرا پردیش کو سرمایہ کاری کا پسندیدہ مرکز بنایا جائے گا- چندرابابو نائیڈو

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کو سرمایہ کاری کا سب سے پسندیدہ مرکز بنانے کے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ حکومت یہاں پیٹرو کیمیکل راہداری الکٹرانک ہارڈویر مینو فیکچرنگ اور آٹو موبائل مرکز قائم کرنے کے بارے میں پر اعتماد ہے ۔ نائیڈو نے یہاں انڈیا اکنامک سمٹ کے وقفوں کے دوران پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم ایک بار پھر تعمیر کریں گے ۔ ہر چیز میسر ہوگی کیونکہ یہاں( آندھر اپردیش میں) کافی مواقع ہیں ۔ ہم اسے سرمایہ کاری کا پسندیدہ ترین مرکز بنائیں گے ۔ نائیڈو نے جاریہ سال جون میں ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش کے پہلے چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیا ۔ اس استفسار پر کہ وہ تقسیم کے بعد کس طرح ریاست میں صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری راغب کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں کیونکہ حیدرآباد کے قریب واقع کئی آئی ٹی صنعتیں تلنگانہ کے حصہ میں آچکی ہیں کہ حکومت ریاست کے صنعتی شعبہ کی از سر نو تعمیر کے بارے میں پر اعتماد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نہ صرف آئی ٹی بلکہ الکٹرانک ہارڈویر مینو فیکچرنگ ، آٹو موبائل ، اگرو پروسسنگ ، پیٹرو کیمیکلز اور فارما صنعتیں یہاں آئیں گی ۔ ہر چیز یہاں آئے گی، قبل ازیں سمٹ کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو جنہوں نے دس سال کے وقفہ کے بعد جنوبی ہند کی اس ریاست کی باگ ڈور دوبارہ سنبھالی ہے کہا کہ حکومت 24گھنٹے برقی، آبی سربراہی اور تیزی سے منظوریوں کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آندھر اپردیش1000کلو میٹر طویل ساحل سمندر رکھتا ہے ۔ کسی اور ریاست کا ساحل اتنا بڑا نہیں ہے ۔ مشرقی سمت میں ہمارے پاس چار بندرگاہیں ہیں اور ہم مزید دس بندرگاہوں کو فروغ دیں گے ۔ ہم آندھرا پردیش کو بندرگاہوں کا مرکز اور ہندوستان کا باب الداخلہ بنانا چاہتے ہیں ۔ برقی کے مسئلہ پر نائیڈو نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو24گھنٹے کفاتی قیمت پر برقی سربراہ کرے گی اور بڑی صنعتوں کے لئے مخصوص فیڈ لائن نصب کی جائے گی۔

نئی دہلی سے یو این آئی سے علیحدہ اطلاع کے بموجب سنگا پور نے شہری ترقیات کے شعبہ میں نئے سمارٹ سٹیلائٹ سٹی فروغ دینے اور آندھرا پردیش کے لئے نئے دارالحکومت کے لئے ہندوستان سے شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سنگا پور کے اعلیٰ قائدین نے مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو کے ساتھ توسیعی بات چیت کے دوران اپنے شعبوں میں دلچسپی ظاہر کی ۔ وینکیا نائیڈو نے وزیر اعظم سنگا پور لی ہسین لونگ اور ان کے پیش رو اور سابق وزیر گوہ چوک ٹونگ سے علیحدہ طور پر بات چیت کی ۔ بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مستحکم کرنے اور جائزہ کے لئے کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہندوستانی شروعات کا مقصد سو نئے اسمارٹ شہروں کی تعمیر ،پانچ سو ٹاؤنس میں انفراسٹر کچر فروغ، سرپنچ شہروں کا فروغ اور بڑے پیمانہ پر اربن ہاؤزنگ پروگرام ہے۔
سنگاپور نے آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کو فروغ دینے کے پراجکٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ مسٹر ٹونگ کی ہندوستان کے حالیہ دورہ کے موقع پر آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کو فروغ دینے کے پراجکٹ میں دلچسپی کا اعادہ کیا تھا۔ وینکیا نائیڈو اور سنگا پور قائدین شہری ترقی کے شعبہ میں ایک دوسرے سے واقفیت کے لئے قابل لحاظ وقت صرف کیا۔ دونوں اعلیٰ قائدین نے اعتراف کیا کہ نریندر مودی کے وزارت عظمیٰ کا جائزہ لینے کے بعد ہندوستان میں تحریک مقصد اور عمل کو دیکھاجارہا ہے ۔ اسمارٹ سٹی ۔ انٹیلجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم اور ای اربن حکمرانی کے لئے وینکیا نائیڈو نے سنگا پور کی مدد طلب کی ۔ انہوں نے اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا دورہ کیا اور اربن ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے لئے رقم کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔

AP preferred investment destination - Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں