شان اودھ - جشن لکھنو کے موضوع پر آج شاندار مہااتسو کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-25

شان اودھ - جشن لکھنو کے موضوع پر آج شاندار مہااتسو کا آغاز

لکھنو
یو این آئی
شان اودھ ۔ جشن لکھنو کے موضوع پر سال حال لکھنو مہااتسو25نومبر کو شروع ہوگا جس میں ممتاز شخصیتیں شرکت کریں گی اور مشہور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو توقع ہے کہ اس مہا اتسو کا افتتاح کریں گے ۔ گرامی ایوارڈ یافتہ پنڈت وشوا موہن بھٹ اپنے ستاروادن سے شائقین موسیقی کو محظوظ کریں گے ۔ یہ مہا اتسو ، سابقہ مہا اتسو کے مقابلہ میں بہ اعتبار ٹکنالوجی بہت پیشرفت کا حامل ہوگا ۔ یوتھ فیسٹیول میں کمپیوٹر گیمس متعارف کرائے جائیں گے اور کئی پروگرام اس مہا اتسو میں پہلی بار پیش کیے جائیں گے ۔ لکھنو مہا اتسو کی تاریخ میں پہلی بار سیکوریٹی انتظامات میں ڈرونس(طیاروں) کو استعمال کیاجائے گا اور اس طرح مہا اتسو کے مقام ونیز متصلہ محلہ جات پر قریبی نظر رکھی جائے گی۔ کتابوں کی نمائش(گاگر میں ساگر) کا اہتمام کیاجائے گا۔ قومی اور بین الاقوامی مصنفین کی کتابیں رکھی جائیں گی۔ کتابوں کی اس نمائش کے لئے تین ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی جس میں کتب کی50دکانات ہوں گی ۔ سینئر اور جسمانی طور پر معور شہریوں کے لئے ای۔ رکشا اور ای۔ گاڑی کا بھی انتظام کیاجائے گا ۔ ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے آج بتایا کہ تمام انتظامات کو جنگی خطوط پر مکمل کیا گیا ہے ۔26اور27نومبر کا راتوں کو انکت تیواری کا کلچرل پروگرام اور سیکھویندر سنگھ کا پنجابی نائٹ پروگرام ہوگا۔28نومبر کو شب غزل میں بھوپیندر اور متالی سنگھ و نیز ریکھا بھردواج غزل گائیکی کا مظاہرہ کریں گے ۔
29نومبر کو صوفی نائٹ میں صابری برداران ساز پر صوفیانہ کلام پیش کریں گے۔30نومبر کو شب کو کرشنا اور سدیش کی کامیڈی نائٹ ہوگی ۔ یکم دسمبر کو بالی ووڈ نائٹ میں توقع ہے کہ شیریا گھوشل اپنی گائیکی کا مظاہرہ کریں گی ۔2دسمبر کو راک نائٹ کا اہتمام کیاجائے گا ۔ 3دسمبر کو اتر پردیش ہندی سنستھان کے زیر اہتمام کوی سمیلن( مشاعرہ) ہوگا۔ 4دسمبر کو بھوجپوری گلوکار منوج تیواری اپنی گائیکی کا مظاہرہ کریں گے ۔5دسمبر کو مشاعرہ منعقد ہوگا۔6دسمبر کو نظامی برادرس قوالیاں پیش کریں گے ۔ بچوں کے لئے بھی پروگرا م ہوگا ۔ اختتامی تقریب میں امکان ہے کہ مشہور بانسری نواز پنڈت ہری پرساد چورسیہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ ریاستی گورنر رام نائک بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ مہا اتسو کے ذریعہ لکھنو کے شاندار تہذیبی ورثہ کی جھلک نمایاں کی جائے گی ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پروین کمار نے بتایا کہ مہا اتسو کے مقام پر100ہوم گارڈس، کافی تعدا د میں پولیس جوان اور کمانڈوز تعینات رہیں گے ۔ سادہ لباس میں ملبوس جوان بھی حفاظتی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی متعین کیاجائے گا۔9نگر اں ٹاورس بھی لگائے جارہے ہیں ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کے لئے معقول انتظامات کو یقینی بنایاگیا ہے ۔

Lucknow Mahotsav-2014, Shaan-E-Awadh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں