مرکز مغربی بنگال میں صدر راج نافذ نہیں کر سکے گا - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-23

مرکز مغربی بنگال میں صدر راج نافذ نہیں کر سکے گا - ممتا بنرجی

کولکتہ
پی ٹی آئی
صدر ترنمول کانگریس و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے نریندر مودی حکومت پر زبردست تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت’’ چن چن کر ان کے اور ان کی پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائی کررہی ہے ۔‘‘ انہوں نے مرکز کو چیلنج کیا کہ وہ(مغربی بنگال) میں صدر راج نافذ کر کے اور انہیں گرفتار کر کے دیکھ لے۔’’میں یہ دیکھوں گی کہ جیل کتنی بڑی ہوتی ہے ۔‘‘ ممتا بنرجی اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ، وزراء اور ارکان اسمبلی سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ’’ بی جے پی سے خوفزدہ نہ ہوں اور زعفرانی پارٹی کی سازشوں کے خلاف متحد ہوجائیں ۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ’’میں مرکز کو چیلنج کرتی ہوں کہ وہ مغربی بنگال میں صدر راج نافذ کرکے دیکھ لے ۔ ہم بیالٹس کے ذریعہ جواب دیں گے۔ ہم اقتدار کے غلام نہیں ہیں ۔ ہم محض عوام کے لئے کام کرتے ہیں ۔’’ مجھے بی جے پی سے کیرکٹر سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ میری ساکھ کے لئے مجھے ان سے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ بنگال کے عوام میری ساکھ سے واقف ہیں۔ بنرجی نے حیرت سے پوچھا کہ ’’کسی نے بھی بی جے پی سے یہ کیوں نہیں پوچھا کہ انتخابات میں کروڑہا روپے کیسے خرچ کئے گئے ۔‘‘آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب شاردا اسکام میں ترنمول کانگریس ایم پی سرنجوئے بوس کی گرفتاری کے دوسرے ہی دن آج صدر پارٹی و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت پر ان کے خلاف سازش کرنے اور ’’انتشار پسند انہ‘‘ سیاست اپنانے کا الزام لگایا ہے اور کہا کہ وہ(ممتا بنرجی) بی جے پی کی دھمکیوں کے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گی اور انتقامی کارروائی کریں گی۔
انہوں نے یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’محض اس لئے کہ میں نے سیکولر جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کے لئے دہلی کا دورہ کیا ۔ انہوں نے(مرکز نے)انتقام لیا اور ہمارے ایم پی کو گرفتار کیا۔‘‘وزیر اعظم نریندر مودی کے وقفہ وقفہ سے بیرونی دوروں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’ ملک و قوم کے انچارج شخص نے کتنا وقت ہندوستان میں صرف کیا ہے۔ وہ لوگ جن کے خلاف فسادات کے کئی مقدمات ہیں ، ہم پر انگلی کیسے اٹھا سکتے ہیں ۔‘‘ مرکزی حکومت انتشار پسندانہ سیاست پر عمل پیرا ہے۔ ہندوستان میں فرقہ وارانہ تشدد بڑھ رہا ہے ۔ آگے لڑائی کے امکانات ہیں ۔ ہمیں لڑائی جاری رکھنی ہے۔ ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ہم چیلنج قبول کرتے ہیں۔ اگر ہم پر وار کی اگیا تو ہم جوابی وار کریں گے ۔ ہمیں آنکھیں مت دکھاؤ۔ ہم آپ پر منحصر نہیں ہیں۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’دیگر سیاسی قائدین جیسے (صدر کانگریس) سونیا گاندھی خاموش ہیں کیونکہ وہ خوفزدہ ہیں تاہم آپ(مخالفین) مجھے خاموش نہیں رکھ سکتے ۔ میں کسی سے ڈرتی نہیں ہوں ۔ مجھے خاموش نہیں کیاجاسکتا ۔‘‘ممتا بنرجی نے یہ اعلان بھی کیا کہ ان کی پارٹی’’ ترنمول کے خلاف مرکزی حکومت کی سازش‘‘ کے خلاف پیر24نومبر کو شہر میں ریالی منظم کرے گی۔ سی بی آئی کی دیانتداری پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے ممتا بنرجی نے شاردا اسکام میں سی بی آئی تحقیقات کے پس پردہ حقیقی محرک کے بارے میں حیرت کا اظہار کیا ۔ (سی بی آئی نے کروڑہا روپے کے شاردا اسکام میں سرنجوئے بوس کو ان کی مبینہ سازش کے سلسلہ میں کل گرفتار کیا تھا۔)

Mamata dares Modi govt to impose President's rule, arrest her

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں