شعبان بخاری نائب شاہی امام مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-23

شعبان بخاری نائب شاہی امام مقرر

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی کی جامع مسجد میں منعقدہ ایک پرشکوہ تقریب میں شاہی امام کے جانشین و نائب امام کے طور پر شعبان بخاری کی دستار بندی کی گئی ۔ شرکاء نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے نعرۂ تکبیر بلند کیا۔ سید احمد بخاری نے کہا میں شعبان بخاری کو جامع مسجد کا نائب امام مقرر کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ہماری توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ دہلی کے نائب امام کی دستار بندی تقریب میں دنیا بھر سے مشہور علماء اور دینی رہنماؤں نے شرکت کی۔ خاص کر مصر، ملیشیا ، اندونیشیا اور سعودی عرب کے مشہور و معروف علمائے کرام نے اپنی شرکت سے اس محفل کو چار چاند لگادئیے ۔ اس تقریب میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک رہی ۔ علاوہ ازیں مٹیا محل کے سابق ایم ایل اے شعیب اقبال فتح پور سیکری کے شاہی امام مفتی مکرم اور پنجاب کے شاہی امام شریک رہے ۔19سالہ شعبان بخاری فی الحال امیٹی یونیورسٹی سے سوشیل ورک میں بیچلرز کررہے ہیں ۔ بخاری خاندان کا تعلق وسطی ایشیا سے ہے جو17ویں صدی کے مغلیہ دور سے دہلی کی جامع مسجد کی تعمیر کے بعد سے اس مسجد کا نگران چلا آرہا ہے ۔ شاہی امام کا تقرر مغل بادشاہوں کی جانب سے کیا گیا تھا جو وراثت میں والد سے بیٹے کی طرف منتقل ہوتا چلا آرہا ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ کا یہ اعلان بھی آچکا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ شعبان بخاری کی جانشین کے طور پر تقرری کی کوئی مذہبی حیثیت نہیں ہے۔
چیف جسٹس جی روہینی اور جسٹس آر ایس اینڈیا کی بنچ نے کہا ہے کہ اس اعلان کی کوئی قانونی حیثیت حاصل نہیں ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دستار بندی تقریب میں شعبان کی نائب امام کے طور پر تقرری کا حق شاہی امام کو حاصل نہیں ہے ۔ ہائی کورٹ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے شاہی امام نے کہا کہ میں اپنے خاندان کی400سالہ روایات کو آگے بڑھا رہاہوں ۔ ہندوستانی سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والی بڑی بڑی شخصیات جیسے صدر کانگریس سونیا گاندھی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، بی جے پی وزراء وجئے گوئل ، شاہنواز حسین، وزیر سائنس و ٹکنالوجی ہرش وردھن، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ، وزیر اعلیٰ اتر پردیش اکھلیش یادو ، سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو اس تقریب کا حصہ رہیں ۔

Shahi Imam Syed Ahmed Bukhari anoints his son Shaban

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں