تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان ایرپورٹ ٹرمینل کا نیا تنازعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-23

تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان ایرپورٹ ٹرمینل کا نیا تنازعہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے درمیان راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ کے ڈومسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر ٹرمینل سے موسوم کرنے پر ایک نیا تنازعہ چھڑ گیا ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں جہاں وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو کی جانب سے ٹرمنل کا نام تبدیل کرنے کی ہدایت کے خلاف متفقہ طور پرقرار داد منظور کی تو وہیں تلگو دیشم پارٹی نے مرکز ی وزیر کے فیصلہ کی تائید کی ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی کی قرار داد کی مخالفت کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی لیڈر ایم نرسمہلو نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔ ایم نرسمہلو نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایرپورٹ ٹرمنل کے نام کی تبدیلی کی مخالفت میں ریاستی اسمبلی میں گزشتہ روز تلنگانہ اسمبلی میں پیش کردہ قرار داد کے خلا ف بطور احتجاج این ٹی راما راؤ کی سمادھی کے پاس بھوک ہڑتال شرو ع کردی ۔صدر تلگو دیشم وچیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابونائیڈو کے علاوہ تلنگانہ کے تلگو دیشم قائدین نے این آر سمادھی پہنچ کر نرسمہلو سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یگانگت کیا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو نے اس موقع پر کہا کہ شمس آباد ایر پورٹ ٹی ڈیپی کی وجہ سے حقیقت میں تبدیل ہوسکالہذا ڈومسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم کرنا حق بجانب ہے ۔ نائیڈو نے یاد دلایا کہ ان کی پارٹی نے2009میں اعلان کیا تھا کہ اگر ٹی ڈی پی دوبارہ اقتدار میں آئی تو ٹرمنل کانام تبدیل کردیاجائے گا ۔
انہوں نے سوال کیا کہ ٹی آر ایس نے اس وقت اس طرح کے اعلان کی مخالفت کیوں نہیں کی تھی ؟ کانگریس قائدین پراین ٹی آر کا نام جپنے کا الزام لگاتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے سوال کیا کہ سونیا گاندھی کی جائے پیدائش کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر غریبوں کے مسیحا تھے اور کسی ایک علاقہ سے تعلق نہیں رکھتے تھے ، یہ این ٹی آر ہی تھے جنہوں نے’’پٹیل اور پٹواری‘‘ کے نظام کو ختم کیا اور علاقہ تلنگانہ کو حقیقی آزادی عطا کی ۔ این ٹی آر نے غریبوں کے لئے پکے مکانات اور وظائف جیسی بہبودی اسکیمات شرو ع کیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے جوقائدین این ٹی آر کے نام کی مخالفت کررہے ہیں انہیں بھی سیاسی زندگی این ٹی آر کی بدولت ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی راما راؤ نے تلگو عوام کی عزت نفس کے لئے جدو جہد کی تھی، ہڑتالی کیمپ پر تقریر کرتے ہوئے ٹی ڈی پی کے فلور لیڈر تلنگانہ اسمبلی ای دیاکر راؤنے انتباہ دیا کہ ایر پورٹ کے ڈومسٹک ٹرمنل کے نام سے این ٹی آر کا نام حذف کیا گیا تو اسے برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ افسوس کی بات ہے کہ این ٹی آر کی وجہ سے سیاسی زندگی پانیوالے کے سی آر، جانا ریڈی اور جیو ن ریڈی اس کی مخالفت کررہے ہیں۔،

حیدرآباد کے شمس آباد ایر پورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام راجیو گاندھی سے تبدیل کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر تلگو دیشم پارٹی کے بانی این ٹی راما راؤ کے نام پر رکھنے وزارت شہری ہوا بازی کے احکام کے خلاف کانگریس قائدین نے حیدرآباد کے سوما جی گوڑہ میں راجیو گاندھی کے مجسمہ کے قریب دھرنا دیا ۔ اس دھرنا میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا ، سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر ، وی ہنمنت راؤ ایم پی ، ڈی ناگیندر ، انجن کمار یادو اور کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے الزام لگایا کہ سیاسی فائدہ کے لئے اس ٹرمینل کے نام کو این ٹی راما راؤ کے نام پر رکھاجارہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ ان احکام کوفوری واپس لیتے ہوئے راجیو گاندھی کا نام برقرا ر رکھا جائے۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ انٹر نیشنل ایر پورٹ میں ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل ایک ہی ٹرمنل ہوتا ہے اس کے دو نام نہیں رکھے جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سے اس سلسلہ میں رائے لئے بغیر مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے جو تلگو دیشم کے رکن پارلیمنٹ ہیں تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ این چندرابابونائیڈو کے ساتھ مل کر یہ سازش رچی ہے ۔

Airport name change rocks Telangana House

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں