ریلوے مسافرین کی سلامتی اور صارفین کی خدمت اولین ترجیح - نئے وزیر سریش پربھو کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-11

ریلوے مسافرین کی سلامتی اور صارفین کی خدمت اولین ترجیح - نئے وزیر سریش پربھو کا اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سریش پربھو نے آج وزیر ریلوے کے عہدہ کا جائزہ لیا اور کہا کہ ریلویز کی حفاظت و سلامتی اور صارفین کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے ریلویز کی صلاحیتوں سے مکمل استفادہ کرنے کا تیقن دیا ۔ سریش پربھو نے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماضی میں ریلویز کے انصرام میں بے شمار دشواریوں کا سامنا کیا ہے ۔ ہماری صلاحیتوں سے مناسب استفادہ نہیں کیا گیا ہے ۔ پربھو جنہوں نے کل شیو سینا سے بی جے پی میں شامل ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا ، آج اپنے عہدہ کا جائزہ لیا ،۔ وہ ایس ڈی سدانند گوڑکے جانشین ہیں ، جنہیں وزارت قانون کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ریلوے کی حالت کو بدلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہماری ترجیحات کسمٹرسرویس اور ریلوے کو محفوظ بنانا ہوگی ، کیوں کہ مسافرین کی سلامتی دن بدن تشویشناک مسئلہ بنتی جارہی ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ عوام نے حکومت پر کافی بھروسہ کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ریلویز کے شعبہ میں ان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا اثر کچھ عرصہ بعد نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہا ’’ہم جو کام کریں گے اس کا اثر کچھ عرصہ بعد نظر آئے گا اسی لئے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیاجائے گا ۔ یہی ہمارا اعلان ہے ۔‘‘ پربھو نے کہا کہ معیشت بھی ریلویز پر منحصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز معیشت کو جوڑنے والا عنصر ہے ۔ اگر ہم اس سمت میں کام کریں گے تو معاشی ترقی میں اضافہ کرسکتے ہیں ۔ پربھو نے کہا کہ ریلویز کی ملک میں سب سے بڑی روک فورس ہے ، لہذا ان کے مسائل کو حل کرنا ان کے ایجنڈہ میں سر فہرست ہوگا کیونکہ وہ ریلویز کی اصل طاقت ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں