درج فہرست ذات سے متعلق ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-28

درج فہرست ذات سے متعلق ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور

نئی دہلی
یو این آئی
کچھ نئی ذاتوں کو درج فہرست ذات میں شامل کرنے کی غرض سے درج فہرست ذاتوں سے متعلق ترمیمی بل 2014کو آج لوک سبھا میں صوتی ووٹوں سے منظور کرلیا گیا ہے ۔ اس بل کے ذریعہ آئین کی درج ذاتوں سے متعلق قانون1950اور آئین( سکم)درج فہرست ذاتوں سے متعلق قانون1978میں ترمیم کرتے ہوئے پانچ ریاستوں ، کیرالہ، مدھیہ پریش، اڑیسہ، تری پورہ اور سکم میں کچھ ذاتوں کو درج فہرست ذات کی فہرست میں شامل کیا گیا ۔ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات محکمہ کے وزیر تھاور چند گہلوت نے اس ترمیم کے سلسلے میں بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ درج فہرست ذات کی لسٹ میں نئی ذاتوں کو ریاستی حکومتوں ، متعقلہ بہبودی اداروں کی سفارشات اور کئی دیگر آئینی اداروں کی جانچ بعد شامل کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی بار ریاستی حکومتیں کسی ذات کو درج فہرست ذات کی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کرتی ہیں لیکن بعد میں متعلقہ اداروں کے ذریعہ طلب کردہ وضاحتوں کا وہ جواب نہیں دے پاتی ہیں اور سفارشات واپس لے لیتی ہیں اس سلسلے میں مرکز کا رول محدود ہوتا ہے ۔ گہلوت نے درج فہرست ذات کی لسٹ میں مسلمانوں اور عیسائیوں کی کچھ برادریوں کو شامل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں اس کی گنجائش نہیں ہے۔ آئین میں مذہبی بنیاد پر ریزرویشن دینے کا کوئی التزام نہیں کیا گیا ہے ۔ اس بل پر بحث میں کل14اراکین نے حصہ لیا اور سبھی نے اس بل کی حمایت کی ۔ اراکین نے کہا کہ درج فہرست ذات کے لوگوں کی بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے اور بہبودی کاموں کی نگرانی کی جانی چاہئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں