یو این آئی۔ پی ٹی آئی ۔ آئی اے این ایس
سارک ممالک کی18ویں چوٹی کانفرنس کا آج یہاں اثباتی انداز میں اختتام عمل میں آیا ۔ وزیر اعظم ہندر نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف نے ایک دوسرے سے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا اور مسکراتے ہوئے بات چیت کی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ دونوں قائدین نے کل چوٹی کانفرنس کے موقع پر ایک دوسرے سے آنکھ ملانے سے تک گریز کیا تھا۔ آج دونوں قائدین نے نہ صرف مصافحہ کیا بلکہ تقریباً ایک منٹ تک ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے تمام سارک قائدین کو2016ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئندہ سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ چوٹی کانفرنس کے اختتام کے بعد تمام سارک قائدین نے گروپ فوٹو کھنچایا ۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ مودی اور شریف نے چوٹی کانفرنس سے وقت فارغ کرتے ہوئے باہمی بات چیت نہیں کی ۔ تاہم مودی نے دیگر سارک قائدین سے باہمی ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم نیپال سشیل کوئرالہ نے جو اس کانفرنس کے میزبان رہے ، ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کو ایک ہی لنچ ٹیبل پر لانے میں اہم رول ادا کیا ۔ تفریحی مقام پر بھی ہند۔ پاک وزرائے اعظم کو دیکھا گیا۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم ہندر نریندر مودی نے نواز شریف سے ہنستے ہوئے مصافحہ کیا اور خلوص کے ساتھ ان کا بازو تھپتھپایا ۔ فوٹو کھنچوانے کے لئے مودی اور شریف نے کئی سکنڈس تک اپنا مصافحہ جاری رکھا اور مسکراتے ہوئے بات چیت کرتے رہے ۔ اس طرح دونوں قائدین دو پڑوسی ممالک کے درمیان کسی غلط فہمی یا مخاصمت کی عملاً تردید کرتے نظر آرہے تھے ۔ مودی اور شریف نے آج صبح بھی تفریحی مقامی دھولی کھل میں مختصر ملاقات کے دوران مصافحہ کیا تھا۔ میزبان وزیر اعظم سشیل کوئرالہ نے آج کھٹمنڈو کے قریب دھولی کھل کے مقام پر سارک قائدین کے اعزاز میں لنچ ترتیب دیا تھا جس کے دوران مودی اور شریف کی ایک دوسرے سے ملاقات ہوئی ۔ وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ اس بڑے سیاحتی مرکز پر سارک قائدین کے ساتھ نہیں تھیں ۔ وہ خرابی صحت کی بناء پر اپنے ہوٹل رو م میں آرام کرتی رہیں
وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے سوا تمام سارک قائدین، نیپالی فوج کے ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ اس مقام پر پہنچے ۔ تمام قائدین نے سارک ممالک اور دیگر متعلقہ مسائل پر بات چیت بھی کی ۔ پی ٹی آئی کی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی اور نواز شریف نے آج دھولی کھل میں غیر رسمی بات چیت کی۔ کھٹمنڈو پہنچنے کے بعد دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ وزارت خارجہ ہند کے ترجمان سید اکبر الدین نے بتایا کہ تفریحی مقام پر سارک قائدین کی ملاقات ایک روایت رہی ہے جہاں کھلی فضا میں خانگی، غیر سرکاری باہمی اور ہمہ جہتی مذاکرات ہوتے ہیں ۔ تمام سارک قائدین غیر رسمی ملاقاتیں کیں اور مختلف علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی مسائل پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی ۔ سارک ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں ۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ہند۔ پاک وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد فریقین نے نے اس غیر رسمی بات چیت کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا اور اس تعلق سے خاموشی اختیار کی۔ مودی اور شریف کے درمیان غیر رسمی بات چیت کا فوری اثر مجوزہ معاہدات پر نظر آرہا تھا ۔ سارک سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت نے توانائی تعاون پر سارک ڈھانچہ معاہدوں پر دستخط سے اتفاق کرلیا اور موٹر گاڑیوں کی نقل و حرکت اور ریلویز کے تعلق سے دیگر دو معاہدات پر اندورن تین ماہ دستخط کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ میزبان وزیر اعظم سشیل کوئرالہ نے جنوبی ایشیاء کے دو پڑوسی ممالک ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم و کم از کم سر دست مل بیٹھ کر غیر رسمی طور پر بات چیت کرنے اور باہمی تعلقات میں تعطل کوختم کرنے کی ترغیب دی جو کار گر رہی۔ کوئرالہ نے مودی سے اپنی شخصی بات چیت کے دوران خواہش کی کہ وہ پاکستانی قائد(سارک لیڈر) کے پاس پہنچ کر ان سے ملاقات کریں ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں