اسرائیل کے ساتھ گرمجوشانہ تعلقات کو مستحکم کرنے راجناتھ سنگھ کا عزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

اسرائیل کے ساتھ گرمجوشانہ تعلقات کو مستحکم کرنے راجناتھ سنگھ کا عزم

تل ابیب
پی ٹی آئی
ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جنہوں نے اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے ’’نہایت گرمجوشانہ‘‘ تعلقات کو مستحکم کرنے کا عہد کیا ہے، وہ اپنے پہلے دورہ اسرائیل پر آج یہاں پہنچے ۔ سیکوریٹی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی جیسے مسائل پر وہ اسرائیلی قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے۔ تل ابیب پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیام میں کہا ہے کہ ’’اسرائیل کے عوام کو سلام ، کل رات ہی میں تل ابیب پہنچا ہوں اور آج شام وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کروں گا۔‘‘ یہاں یہ بات بتا دی جائے کہ راج ناتھ سنگھ کل صبح ہی یہاں پہنچنے والے تھے لیکن خراب موسم کے سبب مونا کو سے ان کی پرواز کا پروگرام کل صبح منسوخ کرنا پڑا ۔ سنگھ انٹر پول کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے موناکو گئے تھے۔ تل ابیب میں آمد پر حکومت اسرائیل نے ان کا سرخ قالین خیر مقدم کیا اور نتن یاہو وزیر دفاع موشے یالن اورپبلک سیکوریٹی وزیر آئزک اہر نووچ نے سنگھ کو خوش آمدید کہا اور ان سے ملاقات کی ۔ راج ناتھ سنگھ نے قدیم شہر یروشلم میں مقامات مقدسہ کا دورہ کرتے ہوئے اپنے دورہ اسرائیل کا آغاز کیا ۔ بعد میں وہ ذریعہ ہیلی کاپٹر وادی اردن اور اسرائیل کے شمالی اور جنوبی علاقہ کے دورہ کے لئے روانہ ہوگئے ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ اسرائیل کے نیشنل سیکوریٹی اڈوائزریوسی کوہن موجود تھے ۔ سنگھ نے اسرائیل میں سلامتی کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی ۔ کوہن نے حال ہی میں نئی دہلی میں راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کو در پیش ’’مشترکہ چیلنجوں‘‘ اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ کوہن نے تمام سیاستدانوں اور کسی بھی سطح پر تعاون کو وسعت دینے کے لئے اسرائیل کی آمادگی کاا ظہار کیا تھا ۔ اسرائیل کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ’’ ہمارے لئے ہندستان ایک بہت اہم حلیف ہے اور ہم وزیر داخلہ ہند کے اس دورہ کو بہت اہمیت دیتے ہیں ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ حالیہ عرصہ میں ہوم لینڈ سیکوریٹی کے موضوع پر ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان3معاہدات پر دستخط ہوئے ہیں ۔ ہندوستان، اسرائیل سے دفاعی آلات کا سب سے بڑا خریدار ہے ۔ اسی دوران یروشلم کے راستوں پر خوف کی فضا دیکھی گئی ۔ کل ہی فلسطینیوں کے2دہشت گردانہ حملوں میں کاروں کو راہ گیروں کے ہجوم میں گھسا دی اگیا تھا۔ آئی اے این ایس کے بموجب راج ناتھ سنگھ نے میزبان وزیراعظم نتن یاہو سے ملاقات سے عین قبل امید ظاہر کی ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات کو استحکام حاصل ہوگا۔

ہند،اسرائیل کے ساتھ معاہدات اور تعلقات میں توسیع چاہتا ہے :مودی
دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنی شدید خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ، اسرائیل کے ساتھ روایتی نوعیت کے حامل تعلقات کے ساتھ ساتھ نئے تعاونی شعبوں کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات سابقہ اسرائیلی صدر شمعون پیریز سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر اعظم دفتر سے جاری کردہ بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ پیریز نے مودی کو انتخابات میں لاجواب کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی جانب سے ہندوستانی اقتصادیا ت اور سماجی تبدیلی کے لئے شروع کردہ حوصلہ افزاء پروگراموں پر خوب ستائش کی ۔ اسرائیلی رہنما نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کے استعمال اور روایات کے احترام کے درمیان یہ پروگرامس بالکل درست توازن برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔اس بات کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہندوستانی ترقیات اور اس میں ہونے والی بہتریاں سارے عالم کے حق میں مفید ثابت ہوں گی انہوں نے کہا کہ اسرائیل، ہندوستان کے ساتھ اس کی تمام ترقیاتی مساعی اور میں شراکت دار بننے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور اس نقطہ نظر سے انہوں نے تمام جدید اور اعلیٰ ٹکنالوجی شعبوں میں بڑے پیمانے کی شراکت داری کی درخواست کی ۔ انہوں نے جدید ٹکنالوجی کے تعارف کے اپنے نقطہ نظر کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مدد سے انسانی زندگی میں تبدیلی اور حکمرانی کے نظام میں کافی بہتری آئے گی ۔ مودی نے کہا کہ یہ ان کے لئے باعث فخر بات ہے کہ وہ پیریز سے ملاقات کررہے ہیں جن کی زندگی سارے عالم کے لئے اثر پذیری کا ذریعہ ہے۔ مودی نے عالمی سیاست اور بالخصوص ہند ۔ اسرائیل تعلقات میں پیریز کے بے انتہا تعاون کو سراہا ۔ گجرات کے وزارت اعلیٰ کے عہدہ کے دور میں ہوئے اپنے دورہ اسرائیل کو یاد کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس دورہ کے بعد ہی انہوں نے ریاست گجرات میں شعبہ آب پاشی میں چھوٹے پیمانے کے زرعی آلات کو استعمال کرتے ہوئے اس شعبہ کو کافی فروغ دیا اور اسرائیلی شراکت داری کے ساتھ ان کمپنیوں کی مدد کا تحفظاتی مرکز قائم کیا جو نو قائم شدہ تھیں۔

Rajnath Singh hopes to strengthen bilateral relations with Israel

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں