مودی کابینہ میں اتوار کو توسیع - 10 نئے چہروں کی شمولیت کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

مودی کابینہ میں اتوار کو توسیع - 10 نئے چہروں کی شمولیت کا امکان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی مجلس وزراء میں اتوار کو توسیع کی جائے گی جس میں گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر کے بشمول دس نئے چہروں کو شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ کابینہ میں توسیع میں بعض حلیفوں جماعتوں کو بھی شامل کیاجاسکتا ہے ۔ ایسے اشارے ملے ہیں کہ یہ رد وبدل اتوار کو دن کے تقریباً دیڑھ بجے ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی دس دن کے تین قومی دورے پر روانہ ہونے سے دو دن پہلے یہ ردوبدل کریں گے ۔اس وقت تک صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ہفتہ کو بھوٹان دورے کے بعد واپس لوٹ آئیں گے ، اس بات کا امکان ہے کہ آزاد چارج کے حامل بعض وزراء کا درجہ بلند کیاجائے گا ۔ یہ مئی میں مودی حکومت کی حلف برداری کے بعد مودی کی وزارت میں پہلی توسیع ہوگی ۔ منوہر پاریکر نے جنہیں دفاع کا قلمدان دئیے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں واضح اشارہ دیا کہ انہیں کابینہ میں شامل کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم کو ان کی خدمات کی ضرورت ہے تو وہ مرکز میں ذمہ داری نبھائیں گے ۔ مجلس وزراء میں شمولیت کے حوالے سے جن ناموں کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ان میں سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے بیٹے شینت سنہا، ہماچل پردیش کے انوراگ ٹھاکر، ہریانہ کے جاٹ لیڈر بھوپیندر سنگھ بہار کے گری راج سنگھ یا بھولا سنگھ ، راجستھانی کے کرمی سونا رام چودھری ، گجیندر شیخاوت اور مہاراشٹرا کے ہنس راج اہیرے کے نام شامل ہیں ۔
آئی آئی ٹی ممبئی کے گریجویٹ اور صاف ستھری امیج کے حامل پاریکر نے کل مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے آج پاناجی میں پارٹی ارکان اسمبلی سے بھی میٹنگ کی اور ممکنہ طور پر اپنے جانشین کے بارے میں بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے ان سے کہا کہ مرکز میں ذمہ داری قبول کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ذمہ داری سنبھالنے کے لئے تیار ہیں ۔ اس دوران ممبئی سے موصولہ اطلاع کے مطابق مہاراشٹرا میں بی جے پی زیر قیادت حکومت میں شیو سینا کی شرکت کے بارے میں غیر یقینی کے درمیان پارٹی نے آج کہا ہے کہ اس کے دو ارکان پارلیمنٹ کو مرکزی مجلس وزراء میں شامل کیا جائے گا ، جب وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کے دن اس میں توسیع کریں گے ۔ شیو سینا کے ایک رکن پارلیمنٹ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہمیں وزیر اعظم کے دفتر سے فون کال آیا جس میں درخواست کی گئی کہ ان دو ناموں کی سفارش کی جائے جن کے بارے میں ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں مودی کابینہ میں شامل کیاجانا چاہئے اگرچہ ہمارے پاس کئی نام لیکن ادھو جی جمعہ کی صبح تک اپنی سفارش روانہ کریں گے ۔ اس دوران کابینہ میں توسیع کی قیاس آرائیوں کے درمیان وزیر اعظم مودی نے صدر جمہوریہ پر نب مکرجی سے ملاقات کی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں