مہاراشٹرا میں قلمدانوں کی تقسیم - کھڈسے کو وقف اور اقلیتی امور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-03

مہاراشٹرا میں قلمدانوں کی تقسیم - کھڈسے کو وقف اور اقلیتی امور

ممبئی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈ نویس نے اپنی10رکنی مجلس وزراء میں قلمدان تقسیم کردئیے گئے جب کہ داخلہ شہری ترقیات، امکنہ اور صحت کی وزارتیں انہوں نے اپنے پاس رکھیں ۔ دفتر چیف منسٹر سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جو قلمدان کسی وزیر کو نہیں دئیے گئے وہ چیف منسٹر نے اپنے پاس رکھے ہیں۔ سینئر بی جے پی لیڈر ایکناتھ کھڈسے کو ریونیو، اقلیتی بہبود وقف، زراعت ، افزائش مویشیاں ، ڈیری ڈیولپمنٹ وسمکیات اور ایکسائز کی وزارتیں سونپی گئی ہیں ۔ بی جے پی کے سابق ریاستی صدر سدھیر منگن تیوار کے حصہ میں فینانس ، منصوبہ بندی ، اور جنگلات کا قلمدان آیا ۔ ونود تاوڑے اسکولی تعلیم و اسپورٹس ، اعلیٰ و فنی تعلیم، طبی تعلیم ، مراٹھی زبان و ثقافتی امور کے محکمہ جات دیکھیں گے ۔ ممبئی میں گھاٹ کوپر مشرق حلقہ سے منتخب رکن اسمبلی پرکاش مہتا کو صنعتوں ، کانکنی اور پارلیمانی امور کی وزارتیں حوالے کی گئی ہیں ۔ رکن قانون ساز کونسل چندراکانت پاٹل کو مارکٹنگ وٹکسٹائلس اور کوآپریشن کے قلمدان سونپے گئے ۔ وہ محکمہ عوامی خدمات کے امور بھی دیکھ رہے ہیں۔ گوپی ناتھ منڈے کی موت کے بعد ریاستی بی جے پی کور کمیٹی کی رکن بننے والی ان کی دختر پنکج مندے دیہی ترقیات و آبی تحفظ، بہبودی خواتین و اطفال کا نگراں بنایا گیا ۔ ضلع پالگھر میں وکرم گڑھ حلقہ سے منتخب رکن اسمبلی وشنو سوارا قبائلی بہبود کے انچارج ہوں گے ۔انہیں سماجی انصاف و خصوصی امداد کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے ۔ مملکتی وزیر دلیپ کاملے کو قبائیلی بہبود ، سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے محکمہ جات تفویض کئے گئے ۔ ان کے علاوہ ودیا ٹھاکر دیہی ترقیات و آبی تحفظ اور بہبودی خواتین و اطفال کے محکمہ جات کے لئے مملکتی وزیر ہوں گے ۔
مہاراشٹرا اسمبلی کا سہ روزہ سیشن10نومبر سے شروع ہوگا جس میں دیویندر پھڈ نویس کی حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام نو منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے بعد12نومبر کو حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی ۔ گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے چیف منسٹر فڈ نویس کو ان کی حکومت کے حلف برداری کے دن سے15دن کی مہلت دی ہے تاکہ وہ288رکنی اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کر دکھائیں ۔، ایک رکن اسمبلی کی وفات کے بعد بی جے پی کی اسمبلی میں آزادی قوت 121ہوگئی ہے ، لیکن پارٹی نے تمام7آزاد ارکان اور چھوٹی جماعتوں کے6ارکان کی تائید حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ این سی پی نے جس کے 41ارکان اسمبلی ہیں، بی جے پی حکومت کو باہر سے تائید فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ63رکنی شیو سینا کے اپوزیشن میں بیٹھنے کی صورت میں تحریک اعتماد کے موقع پر رائے دہی سے غیر حاضر ہوجائے گی تاہم جیسا کہ اشارے مل رہے ہیں سینا کے اقتدار میں شراکت داری کے بعد حکومت کو ایوان میں اکثریت ثابت کرنے میں کوئی مسئلہ در پیش نہیں ہوگا۔

Portfolios assigned in Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں