سیلاب سے متاثر کشمیریوں کی لشکر طیبہ میں بھرتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-03

سیلاب سے متاثر کشمیریوں کی لشکر طیبہ میں بھرتی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
پاکستانی دہشت گرد اور26/11ممبئی حملوں کے منصوبہ ساز حافظ سعید نے لشکر طیبہ عسکریت پسند گروپ سے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں ایسے نوجوانوں کو بھرتی کریں جو وادی میں تباہ کن سیلاب سے بے گھر اور بے روز گار ہوگئے ہیں ۔ ہندوستان انٹلی جنس ایجنسیوں نے یہ بات بتائی ۔ انٹلیجنس بیورو(آئی بی) کے اعلیٰ ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حافظ سعید نے حال میں پاکستانی مقبوضہ کشمیر(پی او کے)کا دورہ کیا اور بھرتی کرنے والوں سے کہا کہ وہ کشمیر اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے بے گھر اور بے روزگار نوجوانوں کو بھرتی کریں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ لشکر طیبہ مانتی ہے کہ بھرتی کا یہ بہترین وقت ہے کیونکہ کئی نوجوان ریاست میں سیلاب سے بے روزگار ہوگئے ہیں۔7 ستمبر کے سیلاب نے کشمیر اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں تباہی مچا دی تھی جس کے نتیجہ میں سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ۔ انٹلیجنس بیورو کے الرٹ سے مختلف ریاستوں بشمول دہلی اور جموں و کشمیر کو واقف کرایا گیا ہے ۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لشکر طیبہ دہلی میں تاریخی عمارتوں اور سفارتخانوں کو نشانہ بناسکتی ہے ۔ سیکوریٹی ماہر ریٹائرڈ میجر جنرل پربیر کمار چکرورتی نے کہا کہ وہ(حافظ سعید) ایک بااثر شخصیت ہے اس کے دورہ سے یقیناًسرحد کے اس پار کے بھرتی کرنے والوں کا حوصلہ بلند ہوا ہوگا ۔ بے روزگارلوگوں کو بھرتی کرنا نہایت موزوں ہوتا ہے ۔
چکرورتی نے کہا کہ ایسے نوجوانوں کی باز آبادکاری اہم ہے، حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہئے۔ ہندوستان کو نہایت مطلوب دہشت گردوں میں سے ایک حافظ سعید ہندوستان اور پاکستان کے پہلے سے کشیدہ تعلقات میں ایک بڑ ا سر درد ہے ۔ حافظ سعید لاہور میں جماعت الدعوۃ چلاتا ہے جو اس کے دعوے کے مطابق فلاحی تنظیم ہے ۔ امریکہ جماعت الدعوۃ کو پہلے ہی بلیک لسٹ کرچکا ہے اور وہ اسے بیرونی دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے ۔ ذرائع کے بموجب 13,297مربع کلو میٹر پر پھیلے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں لشکر طیبہ اور انڈین مجاہدین کے کم از کم 12ٹریننگ کیمپس موجود ہیں ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی زور پکڑ سکتی ہے جہاں نومبر ، دسمبر میں اسمبلی الیکشنس ہورہے ہیں ۔ سرکاری عہدیداروں کا یہ بھی ماننا ہے کہ سیلاب کے فوری بعد انتخابات کا انعقاد سیکوریٹی فورسس کے لئے برا چیلنج ہے ۔

Hafeez Saeed asks LeT to recruit flood-affected Kashmiri

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں