سارک چوٹی کانفرنس - ہندوستانی بلٹ پروف کار نواز شریف نے مسترد کر دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-18

سارک چوٹی کانفرنس - ہندوستانی بلٹ پروف کار نواز شریف نے مسترد کر دی

وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آئندہ ہفتہ کھٹمنڈو میں ہونے والی سارک چوٹی کانفرنس کے لئے ہندوستان کی جانب سے فراہم کی جارہی بلیٹ پروف کار وں کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ خود اپنی گاڑی لے آئیں گے ۔ وزارت خارجہ نیپال کے ترجمان کے ادھیکاری نے کہا کہ’’ہمیں یہ اطلاع ملی ہے کہ اس چوٹی کانفرنس کے لئے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف خود ا پنی بلیٹ پروف کار لائیں گے ۔ بحیثیت میزبان ملک ہم نے گاڑیوں کے اور تمام مندوبین بشمول سربراہان حکومت اور سربراہان مملکت کے قیام و طعام کے انتظامات کئے ہیں اور اگر کوئی(لیڈر) خود اپنی گاڑی لانے کو ترجیح دیتا ہے تو ہمیں کچھ کہنا نہیں ہے ۔‘‘ معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور نواز شریف یہاں آئندہ26اور27نومبر کو ہونے والی چوٹی کانفرنس میں خود اپنی گاڑیاں لارہے ہیں ۔‘‘ کسی بھی دوسرے مندوب نے ہمیں یہ ایسی اطلاع نہیں دی ہے کہ وہ اپنی گاڑی لارہے ہیں ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ہندوستان نے سارک چوٹی کانفرنس کے دوران کوئی چارجس عائد کئے بغیر سارک قائدین کی آمدورفت کے لئے خصوصی بلیٹ پروف گاڑیاں فراہم کی ہیں۔ جدید ترین ماڈل کی چھ بلیٹ پروف کاریں کل ہی کھٹمنڈو لائی گئیں ۔ چوٹی کانفرنس میں ہندوستان ، پاکستان، افغانستان ، بنگلہ دیش ، بھوٹان، مالدیپ ، سری لنکا اور نیپال کے قائدین شرکت کریں گے ۔ نواز شریف حکومت نے ہندوستان کی فراہم کردہ بلیٹ پروف گاڑیوں کو استعمال نہ کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے اور معتمدین خارجہ کی سطح پر ہونے والی بات چیت منسوخ ہوچکی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ماضی میں سارک چوٹی کانفرنس کے دوران ہند۔ پاک کشیدگی ہمیشہ ایک حساس مسئلہ رہی ہے اور یہ حالت دیگر علاقائی امور پر اثر انداز ہوئی ہے ۔

Pakistan PM Nawaz Sharif rejects India's bulletproof car at SAARC Summit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں