نریندر مودی کابینہ میں آج پہلی توسیع - منوہر پاریکر وزیر دفاع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

نریندر مودی کابینہ میں آج پہلی توسیع - منوہر پاریکر وزیر دفاع

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی 9نومبر کو دوپہر میں اپنی کابینی میں پہلی توسیع اور ردوبدل عمل میں لائیں گے ۔ سابق چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر کونیا وزیر دفاع بنایاجانا یقینی ہے ۔ مرکزی مجلس وزراء میں متعدد نئے چہرے بشمول حلیف جماعتوں شیو سینا اور تلگو دیشم پارٹی کے قائدین کو شامل کئے جانے کی توقع ہے ۔ گزشتہ مئی میں بر سر اقتدار آنے کے بعد مودی کی جانب سے مرکزی مجلس وزراء میں یہ پہلی توسیع ہے ۔ اس ردو بدل اور توسیع کا مقصد، بعض وزراء کے بوجھ کو ہلکا کرنا اور نوجوانوں کو وزارت کی فرائض کی ادائیگی کا موقع دینا ہے ۔ دس روزہ بیرونی دورہ پر مودی کی روانگی سے دو روز قبل یہ توسیع عمل میں لائی جارہی ہے ۔ پاریکر نے آج سہ پہر ہی چیف منسٹر گوا کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ انہیں ملک کے وزیر دفاع کادرجہ دیاجانے والا ہے۔ نرملا سیتا رمن کو بھی جو مملکتی وزیر تجارت کے آزادانہ چارج کی حامل ہیں، کابینی درجہ دئیے جانے کا امکان ہے ۔ توقع ہے کہ مودی ہر یانہ جیسی ریاستوں کو بھی نمائندگی دیں گے جہاں حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے اچھا مظاہرہ کیا ہے ،۔ ان ریاستوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی جن کی اب تک نمائندگی نہیں تھی ، یا مرکزی مجلس وزراء میں ان ریاستوں کی نمائندگی کم تھی۔ کابینہ میں توسیع کل دوپہر دیڑھ بجے عمل میں آئے گی ۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے دو ہفتہ قبل یہ قدم اٹھایا جارہا ہے ۔(پارلیمنٹ اجلاس 24نومبر سے شروع ہورہا ہے )
متوقع وزراء کی حیثیت سے جن قائدین کے نام لئے جارہے ہیں ا ن میں بی جے پی یوتھ ونگ کے انوراگ ٹھاکر (ہماچل پردیش) جینت سنہا( سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے فرزند،جھارکھنڈ) ہنس راج سنگا رام اہیر(رکن پارلیمنٹ ، مہاراشٹرا) اشونی کمار چوبے اور گری راج سنگھ( بہار کے ایم پیز) بریندر سنگھ (رکن پارلیمنٹ ، ہریانہ) اور سینئر بی جے پی قائدین مختار عباس نقوی ونیز جے پی نڈا شامل ہیں۔ حلیف جماعت شیو سینا کے لیڈر سریش پربھو ، وائی ایس چودھری ، رام موہن نائیڈو(فرزند سابق وزیر آنجہانی ایرم نائیڈو۔ تلگو دیشم) کی شمولیت کا امکان ہے ۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ کچھ عرصہ سے مجلس وزراء میں توسیع کے ذریعہ نوجوانوں کو شامل کرنے غور کیاجارہا تھا۔ مودی کی مجلس وزراء میں اب کابینی وزراء کی تعداد22ہے ۔ مملکتی وزراء کی تعداد بھی22ہے جن میں بعض وزراء آزادانہ چارج کے حامل ہیں ۔، وزیر اعظم نے کل دوپہر تقریب حلف برداری سے قبل یعنی صبح میں نئے وزراء کو چائے پر مدعو کیا ہے ۔ ممبئی سے آئی اے این ایس کے بموجب شیوسینا، سابق مرکزی وزیر اور ٹکنو کریٹ سریش پربھو کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے اور انہیں اہم قلمدان دیے جانے سے متعلق بی جے پی کے منصوبوں پر بظاہر ناخوش ہے جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سریش پربھو کو مجلس وزراء میں شامل کرنے سے دلچسپی ہے ۔ این ڈے اے ۔Iمیں اہم وزارتوں میں پربھو کی کارکردگی کی ستائش تمام جماعتوں نے کی ہے ۔ امکان ہے کہ انہیں ریلوے کا قلمدان دیاجائے گا۔ ایک شیو سینا لیڈر نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بتایا کہ’’ہمارے پاس کئی تجربہ کار اور محنتی ارکان پارلیمنٹ ہیں جن کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ شیو سینا پر یہ بات واضح نہیں ہوئی ہے کہ ہمارے کوٹہ سے کابینہ میں پربھو کی شمولیت کیسے ہوگی جب کہ ابھی ہم اس تعلق سے غوروبحث کررہے ہیں اور عنقریب فیصلہ کو قطعیت دیں گے ۔ تاہم پارٹی کے ترجمان اور رکن راجیہ سبھا سنجے راوت نے کہا کہ کابینہ میں کس کو شامل کرنا ہے یہ فیصلہ کرنا مودی کا استحقاق خصوصی ہے ۔

Modi Cabinet portfolios announced, Manohar Parrikar gets Defence

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں