وزیر اعظم نے غریبوں کی بہبود کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

وزیر اعظم نے غریبوں کی بہبود کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے - مایاوتی

لکھنو
پی ٹی آئی
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے لوک سبھا حلقہ وارانسی کے دورہ کے دوران غریبوں کی بہبود کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ صرف عوامی وعدوں سے کوئی مدد نہیں ملنے والی ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی کی قومی صدر نے یہاں ایک صحافتی بیان میں کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کی بجائے انہوں نے اپنا نقارہ بجانے کا سلسلہ جاری رکھا لیکن اب صرف دل بہلانے والے وعدوں سے کوئی مدد نہیں ملنے والی ہے ۔ کروڑوں محروم لوگوں کے لئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانا ہوگا ۔ مایاوتی نے دعویٰ کیا کہ مودی کے ایجنڈا میں سماجی انصاف کا کہیں نام و نشان نہیں تاہم یہ بھی کہا کہ عوام کا حکومت سے توقعات وابستہ کرنا غلط نہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرے ۔ مایاوتی نے کہا کہ اگر مودی اپنے حلقہ میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو یہ ثابت ہوگا کہ وہ اور ان کی پارٹی بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے محض سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے تھے ۔ لوگ اب مودی حکومت پر الزام لگارہے ہیں کہ اس نے محض علامتی کام کرتے ہوئے انہیں گمراہ کیا ۔ حکومت کے چھ ماہ مکمل ہورہے ہیں اور مودی ایک بار پھر یہ کہتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں کہ وہ بات نہیں بلکہ کام کریں گے ۔
عوام بیزارہوچکے ہیں اور انہوں نے یہ مطالبہ شروع کردیا ہے ۔’’مودی سرکار کالا دھن واپس لاؤ، ملک کے ہر شہری کو15لاکھ دلاؤ۔‘‘ مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی بھی یہ چاہتی ہے کہ کالا دھن واپس لایاجائے اور ہر شہری کے کھاتے میں15لاکھ روپے جمع کرائے جائیں جیسا کہ مودی نے وعدہ کیا تھا ۔ مایاوتی نے کہا کہ اگر ہر ایک کے پاس پیسہ ہوگا تو انہیں(مودی کو) ہر شخص کو پانچ پانچ پودے لگانے کی تلقین کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیون کہ اگر ہر ایک کو پندرہ لاکھ روپے ملتے ہیں تو وہ یقیناًلڑکی کے جنم کا جشن منائیں گے ۔ مایاوتی نے مزید کہا کہ مرکز، وارانسی کے جلاہوں کے ساتھ کھلواڑ کررہا ہے اور دعویٰ کیا کہ مودی نے ان کے لئے جس2375کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے اس سے انہیں راست فائدہ نہیں پہنچے گا۔ بی ایس پی سربراہ نے کل رات اپنے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اتر پردیش اسمبلی کے آنے والے اجلاس میں عوامی بہبود سے متعلق مسائل کو پرزور انداز میں اٹھائیں جس کا14نومبر سے آغاز ہورہا ہے ۔

Narendra Modi's Varanasi trip saw no steps for poor welfare: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں