مودی وزارت میں توسیع و رد و بدل - 21 وزراء کی حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-10

مودی وزارت میں توسیع و رد و بدل - 21 وزراء کی حلف برداری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
گوا کے سابق چیف منسٹر منوہر پاریکر اور سابق شیو سینک سریش پربھو کو آج مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا جب کہ مجلس وزراء میں21نئے چہروں کا اضافہ ہوا ہے لیکن شیو سینا نے صرف ایک مملکتی وزیر کی پیشکش ٹھکرا دی ۔ بی جے پی اور شیو سینا کے پہلے سے کشیدہ تعلقات آج اس وقت مزید کشیدہ ہوگئے جب واجپائی دور کے وزیر برقی پربھو نے صبح میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں سینئر بی جے پی قائد جے پی نڈا اور ہریانہ کے جاٹ قائد گریندر سنگھ کے ساتھ کابینی وزیر بن گئے جو حالیہ اسمبلی الیکشن سے قبل بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم مودی کی وزارت کی یہ پہلی توسیع تھی۔ پاریکر کو دفاع کا قلمدان ملنا طئے ہے جس کا زائد چارج وزیر فینانس ارون جیٹلی کے ذمہ تھا۔ شیو سینا کے رکن راجیہ سبھا انیل دیسائی کو جو مرکزی وزیر بننے والے تھے تقریب حلف برداری سے چند گھنٹے قبل پارٹی نے نئی دہلی ایرپورٹ سے ممبئی واپس طلب کرلیا ۔ شیو سینا کا مطالبہ تھا کہ اسے مزید دو کابینی وزارتیں دی جائیں لیکن بتایاجاتا ہے کہ بی جے پی صدر امیت شاہ نے کہہ دیا تھا کہ دیسائی کو صرف مملکتی درجہ کی وزارت ہی مل سکتی ہے ۔ اس پر شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے دیسائی کو واپس طلب کرلینے کا فیصلہ کیا۔ کہاجارہا ہے کہ شیو سینا اننت گیتے کوجو وزیر ب ھاری صنعتیں ہیں مودی حکومت سے ہٹالینے اور مہاراشٹرا اسمبلی میں اپوزیشن کی بنچس سنبھالنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ بنڈارودتاتریہ اور راجیو پرتاپ روڈی جو واجپائی حکومت میں شامل رہ چکے ہیں وزرائے مملکت بنائے گئے ہیں۔ دیگر14مملکتی وزراء میں مختار عباس نقوی ، رام کرپال یادو، ہری بھائی، پارتی بھائی چودھری ، سنور لال جاٹ، موہن بھائی کلیان جی بھائی کندریا ، گری راج سنگھ ، ہنس راج اہیر ، رام شنکر کٹھاریا، جینت سنہا ، راجیا وردھن سنگھ راٹھوڑ ، بابل سپریو ، سادھوی نرنجن جیوتی اور وجئے انپلا( تمام بی جے پی) اور تلگو دیشم کے رکن راجیہ سبھا وائی ایس چودھری شامل ہیں ۔، غور طلب ہے کہ نقوی کو جو بی جے پی کے نائب صدر ہیں اور واجپائی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں ۔ صرف مملکتی وزیر بنایا گیا جب کہ مہیش شرما کو جو پہلی مرتبہ رکن لوک سبھامنتخب ہوئے ہیں مملکتی وزیر آزادانہ چارج بنایا گیا ۔ نوازے جانے والوں میں اہیر شامل ہیں جنہوں نے کوئلہ بلاک اسکام کو بے نقاب کرنے کی مہم چلائی تھی ۔
بہار سے لک سبھاکے رکن گیری راج سنگھ کو بھی انعام سے نوازا گیا ، جنہوں نے لوک سبھا انتخابات سے قبل یہ متنازعہ بیان دیا تھاکہ مودی کی مخالفت کرنے والے مسلمانوں کو پاکستان چلے جانا چاہئے ۔ سابق آر جے ڈی قائد رام کرپال یادو بھی فائدہ میں رہے ، جنہوں نے لالو پرساد یادو کی بیٹی کو پاٹلی پتر سے شکست دی تھی ۔ مجلس وزراء اب43سے بڑھ66رکنی ہوگئی ہے اس میں27(بشمول وزیر اعظم) کابینی درجہ کے ہیں ۔ 13مملکتی وزراء آزادانہ چارج کے حامل ہیں اور مابقی26کو مملکتی درجہ حاصل ہے ۔ تقریب حلف برداری میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن ، نائب صدر نشین راجیہ سبھا پی جے کورین اور ایل کے اڈوانی نے بھی شرکت کی ۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس وسندھرا جے ، رمن سنگھ ، دیویندر پھڈنویس اور منوہر لال کھٹر نے بھی شرکت کی ۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو بھی موجود تھے ۔ حلف برداری سے قبل نئے وزراء نے مودی سے ان کی ریس کورس روڈ والی قیام گاہ پر ناشتے پر ملاقات کی ۔

PM Modi's Cabinet Expansion: 21 New Ministers Sworn-In

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں