نئی دہلی میں آج سے نہرو کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-17

نئی دہلی میں آج سے نہرو کانفرنس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اقتدار گنوانے کے چھ ماہ بعد ایسا لگتا ہے کہ کانگریس جواہر لال نہرو کی 125ویں جینتی کو تمام غیر بی جے پی ، غیر این ڈی اے جماعتوں کو سیکولر ازم کے نعرہ پر متحد کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ نہرو جینتی کے سلسلہ میں نئی دہلی میں کل سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں کئی بین الاقوامی قائدین، ہند و بیرون ہند کے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ کانفرنس کا ایک پہلو یہ ہے کہ بی جے پی کے تمام بڑے مخالفین کو مدعو کیا گیا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی یا بی جے پی یا اس کے کسی بھی حلیف کو مدعو نہیں کیا گیا ۔ کانفرنس میں جن قائدین کو مدعو کیا گیا ہے ان میں تمام بائیں بازو جماعتیں، جنتادل یو ، آر جے ڈی ، جنتادل ایس ، سماج وادی پارٹی ، ترنمول کانگریس اور دیگر وہ قائدین شامل ہیں جو نہرو کے تصور ہندوستان کے قائل ہیں ۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے گزشتہ ہفتہ این سی پی سدر شرد پوار کو مدعو کیا تھا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ وہ الجھن میں ہے کیونکہ این سی پی میں مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی تائید کردی ہے ۔ شرد پوار کانفرنس میں شرکت سے یہ کہتے ہوئے معذوری ظاہر کرچکے ہیں کہ علی باغ میں کل سے این سی پی کے مہاراشٹرا ایونٹ کا دو روزہ کنونشن منعقد ہورہا ہے۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ سونیا گاندھی نے ممتا بنرجی اور نتیش کمار کو شخصی طور پر لکھا ہے اور انہیں مدعو کیا ہے ۔ پچھلے کچھ دن سے کانگریس مودی حکومت پر سخت حملے کررہی ہے اور الزام عائد کررہی ہے کہ وہ نہرو کے ویژن کو تباہ کردینا چاہتے ہیں ۔ کانگریس نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم مولانا آزاد اور سردار پٹیل جیسے مجاہدین آزادی کے ورثہ کو اپنے کھاتہ میں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممتاز بیرونی مندوبین میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی ، پاکستان کی اسماء جہانگیر اور نیپال کے سابق وزیر اعظم مادھو کے نیپال شامل ہیں ۔

Nehru's 125th anniversary celebration today in New Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں