گجرات فسادات - قطعی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-19

گجرات فسادات - قطعی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش

گاندھی نگر
پی ٹی آئی
جسٹس ناناوٹی کمیشن نے گجرات میں2002کے فسادات پر اپنی قطعی رپورٹ آج ریاستی چیف منسٹر آنندی بین پٹیل کو پیش کردی ۔ جسٹس ناناوتی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ’’ہم نے یہ رپورٹ پیش کردی ہے جو زائد از 2ہزار صفحات پر مشتمل ہے ۔‘‘جسٹس ناناوتی نے تاہم اس رپورٹ کے مشمولات کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا ۔ چیف منسٹر کے دفتر کے عہدیداروں نے بتایا کہ کمیشن کے ارکان ، ریٹائرڈ جج سپریم کورٹ جسٹس جی ٹی ناناوتی اور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس اکشے مہتا آج ذریعہ کار آنندی بین پٹیل کی قیام گاہ پہنچے اور انہیں رپورٹ پیش کردی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گجرات فسادات 2002میں زائد از ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں بیشتر، اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھتے تھے ۔ ان فسادات سے متعلق تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ زائد از12سال کی مدت کے بعد سامنے آئی ہے ۔ گزشتہ ماہ جسٹس ناناوتی نے کہا تھا کہ ’’کمیشن کی میعاد میں25ویں توسیع طلب کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔(قبل ازیں اس کمیشن کی میعاد میں24بار توسیع ہوچکی ہے ۔) ہماری قطعی رپورٹ تیار ہے ۔، اب اس کی طباعت عمل میں آرہی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ ہمیں پہنچ جائے گی ۔ ہم یہ رپورٹ حکومت کو جلد پیش کریں گے ۔‘‘ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ اس تحقیقاتی کمیشن نے2008میں گودھرا ٹرین میں لگی آگ کے واقعہ سے متعلق اپنی رپورٹ کا ایک حصہ پیش کیا تھا جس میں کمیشن نے یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ گودھرا ریلوے اسٹیشن کے قریب سابر متی ایکسپریس کے ڈبہS-6کو ’’منصوبہ بند سازش کے تحت آگ لگائی گئی تھی ۔

Nanavati Commission submits final report on 2002 Gujarat riots to CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں