پاکستان نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پراجکٹ معطل کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-19

پاکستان نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پراجکٹ معطل کر دیا

کراچی
یو این آئی
پاکستان نے بالآخر ایران کے ساتھ جسے امریکی زیر قیادت بین الاقوامی تحدیدات کا سامنا ہے ، کئی بلین دالر گیس معاملت کو بھول جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان کے اقتصادی منتظمین نے بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسلامی جمہوریہ کے خلاف تحدیدات برخاست کرنے تک7.5بلین ڈالر لاگتی ایران ۔ پاکستان گیس پائپ لائن کو معطل کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیا کی ایک رپورٹ میں آ ج یہ بات بتائی گئی ۔ اس طرح اس پراجکٹ کے حشر کے بارے میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے ۔ یہ معاملت ایک دہے قبل طے کی گئی تھی اس وقت ہندوستان بھی ایک شراکت دار تھا ۔ پاکستان میں معیشت کے فیصلہ سازوں کا ایقان ہے کہ اس پراجکٹ کو موجودہ جغرافیائی، سیاسی صورتحال کے تحت رو بہ عمل نہیں لایاجاسکتا ۔ اخبار اکسپریس ٹریبون نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ۔ یہ فیصلہ ایران کے لئے ایک دھکا ہے جس نے گزشتہ سال نواز شریف حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے امیدیں وابستہ کررکھی تھیں ۔ اسکا یہ مطلب بھی ہوگا کہ پاکستان کو توانائی بحران سے راحت کے لئے ابھی بہت انتظار کرنا پڑے گا ۔ یاد رہے کہ پاکستان کی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمس پرائیوٹ لمٹید (آئی ایس جی ایس) جون 2009ء میں ایران کی قومی تیل کمپنی (این آئی او سی) کے ساتھ گیس کی فروختگی و خریدی کامعاہدہ( جی ایس پی اے) کیا تھا۔ایران نے اپنے علاقہ میں پائپ لائن کم و بیش مکمل کرلی ہے ۔ اس نے حال ہی میں پاکستانی علاقہ میں پائپ لائن کی تعمیر انجام دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ پراجکٹ کاپاکستانی سرحد سے متعلق مرحلہ تخمیناً80کلو میٹر طویل پائپ لائن کی تعمیر پر مشتمل ہے اور اس کی تکمیل کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں