صاف ستھرا ہندوستان مہم کے لئے اکھلیش یادو کے بشمول نو افراد نامزد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

صاف ستھرا ہندوستان مہم کے لئے اکھلیش یادو کے بشمول نو افراد نامزد

وارانسی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے لوک سبھا حلقہ وارانسی میں سوچھ بھارت مہم شروع کرتے ہوئے آج دریائے گنگا کے کنارے جمع مٹی اور کیچڑ کی پھاؤڑا لے کر صفائی کی ۔ انہوں نے اتر پردیش میں صفائی ستھرائی مہم کو آگے بڑھانے نو افراد کونامزد کیا ، جن میں چیف منسٹر اکھلیش یادو بھی شامل ہیں ۔ مودی اسی گھاٹ پہنچے ۔ جہاں انہوں نے تین سیڑھیاں نیچے اتر کر کیچڑ آلود راستہ کو صاف کیا تاکہ وہاں بنائے گئے عارضی اسٹیج تک پہنچ سکیں جہاں پانچ پجاری خصوصی گنگا پوجا میں مدد کرنے ان کاانتظار کررہے تھے ۔ وزیر اعظم نے تقریباً پندرہ منٹ تک دریا کی پوجا کی ۔ اس کے بعد وہ چند بی جے پی قائدین کے ساتھ صفائی کے کام میں لگ گئے ۔ ان کے ہمراہ بی جے پی کے ریاسی صدر لکشمی کانت باجپائی ، سٹی میئر رام گوپال موہالے نے بھی صفائی کا کام انجام دیا اور بارش کے موسم میں کنارے پر جمع ہونے والی ریت اور مٹی کو صاف کردیا ۔ انہوں نے وہاں موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جینتی کے موقع پر دہلی میں سوچھ بھارت مہم کے آغاز پر جس طرح انہوں نے لوگوں کو نامزد کیا تھا اسی طرح اس ریاست میں صفائی کی مہم کو جاری رکھنے وہ مزید نو افراد کو نامزد کررہے ہیں ۔ مودی کی جانب سے نامزد کئے جانے والوں میں چیف منسٹر اتر پردیش کے علاوہ بھوجپوری اداکار منوج تیواری ، صوفی گلوکار کیلاش کھیر ، کامیڈین راجو سریواستو ، کرکٹ کھلاڑی محمد کیف اور سریش رائنا ، یونیورسٹی آف بلائنڈ کے چانسلر سوامی رام بھدرا چاریہ، سنسکرت اسکالر دیوی پرکاش دویدی اور ادیب منوشرما شامل ہیں۔ مودی اسی گھاٹ سے شری آنند مائی کے آشرم کے لئے روانہ ہوئے ۔

نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سینئر بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی کی 87ویں سالگرہ پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ مودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں اڈوانی جی کو ان کے جنم دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔خدا کرے کہ ان کی عمر دراز ہو اور وہ صحتمند رہیں ۔ مودی نے جو وارانسی میں ہیں، کہا کہ وہ دہلی پہنچنے کے بعد اڈوانی سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ اڈوانی جی کی لاثانی ذہانت اور بصیرت انہیں عوامی زندگی کی ایک قد آور شخصیت بناتی ہے ۔ ہم سب نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ اڈوانی کے مضبوط ارادوں اور سخت محنت کی وجہ سے ہی بھارتی جنتا پارٹی آج اس مقام پر پہنچی ہے ۔ اڈوانی8نومبر1927ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے جو اب پاکستان میں ہے ۔

لکھنو سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے آج انہیں صفائی مہم کے لئے نامزد کئے جانے کے جواب میں ’’کلین اینڈ گرین انڈیا‘‘ کی تجویز پیش کی ۔ چیف منسٹر نے ریاست میں ’’کلین انڈیا مشن‘‘ کے لئے وزیر اعظم کی جانب سے ان کی نامزدگی پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا تاہم انہوں نے یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ایک پیام دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشن صاف ستھرا اور ہرا بھرا ہندوستان ہونا چاہئے ۔، انہوں نے اپنے تبصرہ کی وضاحت نہیں کی، تاہم ہندوستان کو سر سبز بنانے کے عہد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے یہ بھی نہیں کہا کہ وہ وزیر اعظم کی دعوت قبول کریں گے یا نہیں ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست میں سوچھ بھارت مہم کے لئے اتر پردیش سے 9افراد کو نامزد کیا ہے جن میں صرف اکھلیش یادو سیاسی شخصیت ہیں ۔

Modi nominates Akhilesh Yadav for Clean India campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں