بی جے پی کے چیلنج کا متحدہ مقابلہ کرنے پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

بی جے پی کے چیلنج کا متحدہ مقابلہ کرنے پر غور

نئی دہلی
یو این آئی
سماج وادی پارٹی جنتادل یو ، جنتادل ایس ، آر جے ڈی اور ایس جے پی کے سرکردہ قائدین نے آج یہاں ملاقات کی تاکہ مرکز میں حکمراں بی جے پی کے چیلنج سے متحدہ طور پر نمٹنے کوئی حکمت عملی وضع کی جاسکے ۔ جنتادل یو قائد و سابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بعد ازاں میڈیا کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے یہ بھی اشارہ دیا کہ مستقبل میں ان جماعتوں کے انضمام کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا ۔ جنتادل یو کے شرد یادو آر جے ڈی صدر لالو پرساد، سابق وزیر اعظم جنتادل ایس سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا ، ایس جے ٹی کے کمل مرار کا اور آئی این ایل ڈی کے دشنیت چوٹالہ کو سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے اپنی قیامگاہ 16اشوکا روڈ پر ظہرانے پر مدعو کیا تھا تاکہ وہ اپنے مشترکہ سیاسی ایجنڈہ پر تبادلہ خیال کرسکیں۔
نتیش کمار نے کہا کہ انہوں نے سب سے پہلے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں ایک دوسرے کے ساتھ تال میل پیدا کرنے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ سیکولر جماعتیں اپنے غریب اور کسان دوست ، ایجنڈہ کو بی جے پی کی جانب سے در کنار کئے جانے سے بچانے کے لئے متحد ہوجائیں ۔ نتیش کمار نے بی جے پی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت فراہم کرنے اور کالا دھن واپس لانے کے اپنے وعدوں سے منحرف ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے اورعام آدمی کو کوئی راحت نہیں ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل پر آج کے اجلاس مین شرکت کرنے والی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ملائم سنگھ یادو کی رہنمائی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی ۔ ان جماعتوں نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات اور حالیہ اسمبلی انتخابات میں ناقص مظاہرہ کیا ہے ۔ بہر حال اس اجلاس میں بائیں بازو جماعتوں نے شرکت نہیں کی ۔ حالانکہ ملائم سنگھ یادو کی جانب سے قبل ازیں منعقد کئے گئے اجلاسوں میں انہوں نے شرکت کی تھی ۔ آئی ے این ایس کے بموجب لوک سبھا انتخابات سے پہلے بھی ایک غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی محاذ قائم کرنے کی کوششیں ہوئی تھیں جو ناکام رہی تھیں اور ایسے ہی ایک اجلاس میں بائیں بازو جماعتوں نے بھی شرکت کی تھی ۔ اس مرتبہ بائیں بازو جماعتوں کو مدعو نہیں کیا گیا۔ تاہم نتیش کمار نے کہا کہ وہ دیگر ہم خیال جماعتوں سے رجوع ہوں گے اور بائیں بازو جماعتیں بھی ان میں شامل ہیں ۔ لوک سبھا میں ایس پی کے5، آر جے ڈی کے4، جنتادل یو اور جنتادل ایس کے2,2ارکان ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں