جی۔20 اجلاس ہندوستان کو دنیا کے روبر و پیش کرنے کا ذریعہ - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

جی۔20 اجلاس ہندوستان کو دنیا کے روبر و پیش کرنے کا ذریعہ - مودی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے 3ممالک کے دورہ کے پیش نظر آج امید ظاہر کی کہ ہمہ رخی اجلاس اور عالمی صنعتی قائدین کے جی 20-اجلاس میں ہندوستان کو دنیا کے روبر و ایک زبردست طاقت کے طور پر پیش کرنے کا موقع ملے گا ۔ نریندر مودی 11نومبر کو اپنے دور ہ کا آغاز میانمار سے کررہے ہیں ۔ اس کے بعد وہ آسٹریلیا اور فیجی بھی جائیں گے ۔ اس دوران وہ کئی اجلاسوں اور باہمی میٹنگوں میں شرکت کریں گے ۔ مودی میانمار میں دو اہم اجلاسوں’’آسیان ‘‘ اور’’ایسٹ ایشیا سمٹ‘‘ میں شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم نے ٹیوٹر پر پیش کردہ اپنے پیام میں کہا کہ وہ سمٹ میں شریک ہونے والے قائدین سے ملاقات کے متمنی ہیں ۔ ہماری ایکٹ ایشیا پالیسی کے مطابق جنوبی ایشیا سے ہمارے تعلقات کی جڑیں گہری ہیں ، آسیان ممالک سے ہمارے تعلقات مضبوط ہیں ۔ مودی نے آسیان کو ایشیائی ملک ہندوستانی خوابوں کا مرکز قرار دیتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا ہندوستان اس فورم میں اہم کردار نبھائے گا۔ مودی نے امید ظاہر کرتے ہوئے لکھا’’مجھے یقین ہے کہ یہ اجلاس ثمر آور ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ میانمار کے قائدین سے ان کی باہمی ملاقات ایک اہم دوست کے حیثیت سے ہوگی ۔ میانمار کے ساتھ مضبوط تعلقات ہمارے لئے اہمیت کا حامل ہیں۔ میانمار کے بعد وزیر اعظم آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوں گے ۔ جہاں وہ برسبین میں منعقد شدنی جی20-اجلاس میں شرکت کریں گے ۔
مودی نے کہا کہ یہ ایک عظیم پلیٹ فارم ہے جس میں ہندوستان میں موجود مواقع کو دنیا کے سامنے پیش کیاجاسکتا ہے ۔ بالخصوص ان کے لئے بھی جو عالمی معیشت سے تعلق رکھتے ہیں ۔ میں جی 20-ممالک کے قائدین کے ساتھ دنیا سے تعلق رکھنے والے اہم مسائل پر کام کرنے کا متمنی ہوں ۔ آسٹریلیا کے دورہ کو تاریخی اور خصوصی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیاکے وزرائے اعظم کے درمیان28سالوں میں پہلی باہمی ملاقات ہے ۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے1986میں یہاں کا دورہ کیا تھا ۔ مودی نے لکھا کہ آسٹریلیا میں ، میں یہاں کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کروں گا ۔ آسٹریلیا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنا میرے لئے ایک اعزاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا میں موجود ہندوستانی کمیونٹی سے ملاقات کے بے چین ہیں ۔ مودی نے مزید کہا کہ وہ آسٹریلیا میں ہندوستانی برادری سے ملنے کے لئے بے تاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے تئیں ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں ملکوں مین جنون ہے۔ وہ آسٹریلیا کے وزیر اعظم ٹونی ایبوٹ کو میلبورن کرکٹ میدان میں لوگوں سے ملاقات کا موقع دینے کے لئے شکر یہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا نے پہلی عالمی جنگ کے کندھے سے کندھا ملا کر حصہ لیا تھا ۔ وہ وزیر اعظم مسٹر ایبوٹ کے ساتھ وارمیموریئل بھی جائیں گے ۔

Looking forward to G-20 summit meets during foreign trip: Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں