لکشمی کانت پارسیکر - گوا کے نئے وزیر اعلیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

لکشمی کانت پارسیکر - گوا کے نئے وزیر اعلیٰ

پاناجی
یو این آئی
لکشمی کانت پارسیکر نے آج شام گوا کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ قبل ازیں انہیں بہ اتفاق رائے بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا قائد منتخب کرلیا گیا ، سابق چیف منسٹر منوہر پاریکر کی کابینہ میں ڈپٹی چیف منسٹر رہے ، فرانسس ڈیسوزا نے بھی ایک کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ یہ تقریب راج بھون میں منعقد ہوئی ۔ گورنر مرولا سنہا نے58سالہ پارسیکر اور دیگر نو وزراء کو عہدہ رازداری کا حلف دلایا ۔ سات وزراء کا تعلق بی جے پی سے ہے جب کہ دو وزراء حلیف جماعت مہاراشٹراوادی گومنتک پارٹی( ایم جی پی) سے ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں بحیثیت نئے قائد پارسیکر کے بہ اتفاق آراء انتخاب کے بعد گوا کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کے تقرر کی راہ ہموار ہوگئی ۔ اقتدار کی بظاہر بہ آسانی منتقلی کی یہ کارروائی آج پارٹی ارکان اسمبلی اور مرکزی مبصرین کی موجودگی میں عمل میں آئی۔ پارسیکر ،منوہر پاریکر کے جانشین ہوئے ۔ پاریکر آج دوپہر ہی نریندر مودی کا بینہ میں شمولیت کے لئے ریاستی چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفیٰ ہوئے ۔ کل وہ دہلی میں مرکزی مجلس وزراء کے رکن کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ بی جے پی کے مرکزی مبصر و جنرل سکریٹری راجیو پرتاپ رودی نے پارٹی ارکان اسمبلی اجلاس کے بعد اخبار نویسوں کو بتایا کہ وزیر صحت پارسیکر ، ایوان میں اب پارٹی کے نئے قائد ہیں اور یہ ایک بہت اچھا اور متفقہ فیصلہ ہے ۔ رودی نے بتایا کہ فرانسس ڈیسوزا ڈپٹی چیف منسٹر برقرار رہیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کا دن پاریکر کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ، کیونکہ وہ مرکزی کابینہ میں(کل) شامل ہونے والے ہیں ۔ پارسیکر نے ریاست کی عنان اقتدار سنبھالی ہے ۔ اپنے انتخاب کے جلد بعد پارسیکر نے کہا کہ’’میں بہت خوش ہوں۔‘‘ سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں قبل ازیں گشت کررہی تھیں کہ پارٹی صفوں میں بغاوت ہوسکتی ہے کیونکہ قبل ازیں ڈیسوزا نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ وہ ایک جونئیر لیڈر کے تحت کام کرنے کے خلاف ہیں ۔ ڈیسوزا نے مبینہ طور پر یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر انہیں چیف منسٹر نہیں بنایا گیا تو وہ کابینہ سے مستعفیٰ ہوجائیں گے ۔ پارسیکر کو آر ایس ایس کی پرزور تائید حاصل ہے۔ پارٹی قیادت نے ڈیسوزا کے جذبات کو ٹھنڈا کیا ۔ لکشمی کانت پارسیکر کا نام پاریکر نے تجویز کیا اور ڈیسوزا نے اس تجویز کی تائید کی ۔

Laxmikant Parsekar sworn in as Goa CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں