کھاگرا گڑھ دھماکہ تحقیقات - این آئی اے ٹیم کی آج ڈھاکہ پرواز متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

کھاگرا گڑھ دھماکہ تحقیقات - این آئی اے ٹیم کی آج ڈھاکہ پرواز متوقع

کولکتہ
یو این آئی
جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) کے کارکن ضیاء الحق کو آج ایک مقامی عدالت نے نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) کی تحویل میں دے دیا ۔ این آئی اے نے ضیاء الحق کو کل شام گرفتار کیاتھا ۔ وہ گزشتہ 2اکتوبر کو کھاگرا گڑھ میں دھماکہ میں مبینہ طور پر ملوث بتایاجاتا ہے ۔ توقع ہے کہ این آئی اے ٹیم 9نومبر کو دھماکہ کی تفصیلی تحقیقات کے لئے ڈھاکہ پرواز کرے گی ۔ ہندوستان کی جانب سے مغربی بنگال میں جے ایم بی کی سر گرمیوں کی تفصیلات پیش کئے جانے کے بعد حکومت بنگلہ دیش نے این آئی اے ٹیم کو دورہ ڈھاکہ کی اجازت دے دی ہے ۔ اسی دوران این آئی اے نے آج بردوان میں علاقہ مسجد تلہ میں ضیاء الحق کے مکان کی تلاشی لی اور بعض قابل ثبوت جرم دستاویزات بشمول ایک لیاپ ٹاپ برآمد کرلیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ مکان ایک پولیس جوان کی ملکیت ہے جس نے ضیاء الحق کو اس مکان ک اایک حصہ کرایہ پردیا تھا ۔ این آئی اے بردوان کے موضع کھاگراگڑھ میں دھماکہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ اس دھماکہ میں جے ایم بی کے دو جہادی ہلاک ہوگئے تھے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ ضیاء الحق ، بردوان اور مرشدآباد کے مدرسوں کو اسٹیڈی میٹریل سربراہ کرتے ہوئے جہادی سرگرمیوں میں شدید طور پر ملوث تھا ۔ بتایاجاتا ہے کہ بردوان اور مرشدآباد میں نوجوانوں کو انتہا پسند سرگرمیوں کی تربیت کے لئے بھرتی کیاجاتا تھا ۔ ضیاء الحق یوسف نامی ایک شخص کا قریبی ساتھی ہے ۔ یوسف، جس کا ذہن دھماکہ کے پیچھے کارکرد تھا ، گرفتاری سے بچ رہا ہے ۔ ضیاء الحق کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بردوان ریلوے اسٹیشن سے فرارہورہا تھا ۔
میٹرو پولیٹن عدالت نے این آئی اے کے وکیل بحث کی سماعت کے بعد ضیاء الحق کو14نومبر تک کے لئے این آئی اے کی تحویل میں دے دیا ۔ ضیاء الحق ، جے ایم بی کے ایک اور کارکن عبدالحکیم کے ساتھ کھاگرا گڑھ میں حادثاتی طور پر دھماکہ کے دوران زخمی ہوگیا تھا۔ عبدالحکیم کو بھی14نومبر تک این آئی اے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے ۔ اسی دوران نئی دہلی سے پی ٹی آئی کے بموجب مغربی بنگال پولیس کو بڑی کامیابی اس وقت ملی جب بردوان دھماکہ کے اصل ملزم ساجد کو گرفتار کرلیا گیا جو ایک بنگلہ دیشی شہری ہے اور دہشت گرد گروپ جے ایم بی کا چیف کمانڈر ہے ۔ این آئی اے نے ساجد کی گرفتاری پر دس لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا تھا ۔ اس دہشت گرد گروپ کے ٹھیک ٹھیک منصوبہ کے انکشاف ہونے کا امکان ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے دو روز قبل ساجد کو گرفتار کیا تھا لیکن اس کی گرفتاری کے ٹھیک مقام اور حالات کاانکشاف فوری طور پر کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ جے ایم بی کی سر گرمیوں اور ہندوستان و نیز بنگلہ دیش میں اس کے منصوبوں کے بارے میں پولیس عہدیداروں اور مرکزی ایجنسیوں نے ساجد سے تفصیلی پوچھ تاچھ کی ہے ۔

Burdwan blasts probe: NIA team to visit Dhaka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں