کشمیر وادی کے حلقوں سے عمر عبداللہ کا پرچۂ نامزدگی داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-21

کشمیر وادی کے حلقوں سے عمر عبداللہ کا پرچۂ نامزدگی داخل

بیرواہ( جموں و کشمیر)
پی ٹی آئی
نیشنل کانفرنس کے ہزاروں حامیوں نے پارٹی کے کار گزار صدر و چیف منسٹر عمر عبداللہ کی جانب سے اس اسمبلی حلقہ سے آج پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد یہاں جم کر جشن منایا اور ایک بڑا روڈ شو منعقد کیا گیا ۔ نربل تا بیرواہ تقریباً بیس کلو میٹر طویل راستہ پر سڑکوں کو دونوں جانب سے سرخ و سفید پرچم اور نیشنل کانفرنس کے جھنڈوں سے سجایا گیا ۔ عمر عبداللہ نے راستے میں عوام سے بات چیت بھی کی ۔ انہوں نے اپنے خاندانی سیاسی گڑھ تصور کیے جانے والے گندر بل علاقہ کے بجائے بیرواہ اور سونا در حلقوں سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ سیکوریٹی پروٹوکول کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے پرجوش حامیوں میں گھل مل گئے ۔ عمر عبداللہ کے سیکوریٹی عملہ کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کے بعض حامیوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چیف منسٹر کے ساتھ تصویر کشی بھی کی۔
پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد حامیوں نے نیشنل کانفرنس قائد کو دوبارہ گاڑی میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی اور ان سے خواہش کی کہ وہ بیرواہ بس اسٹینڈ تک ان کے ساتھ پیدل چلیں جہاں وہ ایک ریالی سے خطاب کرنے والے تھے۔ عمر نے بخوشی ان کی بات مان لی اور اپنے سیکوریٹی عملہ کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو ان کے قریب آنے سے نہ روکیں۔ عمر عبداللہ نے جو فیرن( روایتی کشمیری لبادہ جو موسم سرما کے دوران استعمال کیاجاتا ہے) زیب تن کئے ہوئے تھے، ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقہ میں نہال پورہ کی درگاہ پر حاضری بھی دی ۔ نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر کے قافلہ کے سامنے اور پیچھے سینکڑوں ٹرکس ، بسوں، کاروں ،آٹو رکشاؤں اور موٹر سائیکلوں کا جلوس تھا ۔ کارکنوں نے عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر رقص بھی کیا۔ پارٹی کارکنوں میں چند خواتین بھی شامل تھیں ۔

Kashmir Chief Minister Omar Abdullah files nomination

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں