انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکے - عوام میں دہشت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-16

انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکے - عوام میں دہشت

جکارتہ
رائٹر
انڈونیشیا کے جزائر مالو میں آج صبح زلزلے کے زبردست جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت رچٹر اسکیل پر 7.3درج کی گئی ۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی ۔ حکام کے مطابق مالوکو کے مختلف مقامات پر ہلکی لہریں ضرور پیدا ہوئیں جو کوئی بڑا خطرہ پیدا نہیں کرسکیں ۔ 9سنٹی میٹر بلند لہریں ٹو وہیلو اور ماناڈو مقامات پر دیکھی گئیں۔ سونامی وارننگ سے مالوکو جزائر پر خاصی پریشانی اور افراترفری کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔ سال2004میں ایک شدید زلزلہ کے بعد سونامی نے انڈونیشیا کے جزیرہ آچے میں1,70,000افراد کو ہلاک کردیا تھا ۔ انڈونیشیائی ایجنسی کے ترجمان سوتوپو پروونگر و ہونے اپنے ایک بیان میں کہا کہ زلزلہ کا شدید اثر جزائر ستاوں میں محسوس کیا گیا جہاں حکام نے عوام کو ساحلوں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت دی۔ میٹرو ٹی وی کی اطلاع کے مطابق کوئی جانی یا مالی نقصانات نہیں ہوئے، شمالی صوبہ سلواسی کے دارالحکومت ماناڈو کے بعض علاقوں میں برقی منقطع ہوگئی۔ مانا ڈو میں این عینی شاہد ریگنا سائزنگ نے بتایا کہ یہ بڑا شدید زلزلہ تھا، مجھے تقریباً ایک منٹ تک جھٹکے محسوس ہوتے رہے۔ کوئی نقصان نہیں ہوا۔ لیکن عوام دہشت کے مارے گھروں سے باہر سڑک پر نکل آئے۔
تباہ کاریوں سے نمٹنے کی ایجنسی کے سربراہ نے طیاروں اور دیگر حمل و نقل کے ذرائع کو تیار رکھنے کی ہدایت دی تھی تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کا استعمال کیاجاسکے ۔ ہوائی میں بحر الکاہل سونامی وارننگ سنٹر نے کہا کہ زلزلے کے مبدا کے300کلو میٹر کے دائرہ میں سونامی کا خطرہ ہے، تاہم سارے بحرالکاہل میں اس کا اندیشہ نہیں ۔ اس نے یہ بھی وارننگ دی تھی کہ سونامی انڈونیشیا، فلپائن، پالاؤ ، پاپا نیوگنی ، جزائر سولومون اور جزائر مارشل تک پھیل سکتی ہے ۔ حتی کہ تائیوان اور جاپان کا شہر اوکی ناوا بھی اس سے متاثر ہوسکتا ہے ۔ مرکز نے انتباہ دیا تھا کہ اولین لہریں ، اندرون30منٹ ساحل تک پہنچ سکتی ہیں اور ان کا اثرچھ گھنٹے تک باقی رہ سکتا ہے ۔ ابتدائی لہر سب سے بڑی لہر ہونے کا امکان نہیں ۔ بہر حال ملایشیائی ، تھائی اور سری لنکائی ایجنسیوں نے فوری تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ زلزلہ سے متاثر نہیں ہوں گی تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گی۔

7.1-quake in Indonesia, tsunami warning issued

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں