بھوپال گیس متاثرین کا برت ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-16

بھوپال گیس متاثرین کا برت ختم

نئی دہلی
آئی اے این ایس
بھوپال گیس المیہ میں بچ جانے والے متاثرین نے جو گزشتہ30سال سے معاوضہ کے لئے جدو جہد کررہے ہیں، حکومت کی جانب سے زائد معاوضہ دئیے جانے کا تیقن دئیے جانے کے بعد دہلی میں اپنا غیر معینہ مدت کا وہ برت ختم کردیا جو گزشتہ10نومبر سے جاری تھا ۔ گیس المیہ میں بچ جانے والی70سالہ کملا بائی نے بالآخر حکومت کے تیقن کے بعد امید ظاہر کی کہ’’اچھے دن آئیں گے ۔‘‘وزیر کیمیکلز و فرٹیلائزرس اننت کمار کی جانب سے معاوضہ میں اضافہ اور مہلوکین کی تعداد پر نظر ثانی کا تیقن دئیے جانے کے بعد برت ختم کردیا گیا۔5خاتون متاثرین اور ان کے حامی افراد ، جنتر منتر پر گزشتہ چار روز سے پانی پئیے بغیر برت جاری رکھے ہوئے تھے ۔ کملا بائی نے آئی اے این ایس کوبتایا کہ’’حکومت کاتیقن ایک امید کی کرن ہے کہ ہماری آواز سنی گئی ہے ۔ مجھے امید ہے کہ اچھے دن آئیں گے ۔ نئی حکومت نے وعدہ کیا ہے ۔‘‘
یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گیس المیہ میں بچ جانے والے لوگ، متاثرین کے لئے ایک لاکھ روپئے زائد معاوضہ اور مہلوکین کی تعداد کو درست کرنے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ بھوپال کی یونین کاربائیڈ کمپنی سے گیس کے اخراج کا المیہ1984ء میں2-3دسمبر کی درمیانی رات کو پیش آیاتھا ۔ بھوپال گیس پیڈت مہیلا اسٹیشنری کرمچاری سنگھ کی صدر رشیدہ بی نے بتایا کہ’’ ہمارے دونوں مطالبات سے متعلقہ وزیر نے اتفاق کرلیا ہے ۔ ایک مطالبہ، میڈیکل ریسرچ اور ہسپتال ریکارڈ سے موصولہ ڈاٹا کی بنیاد پر معاوضہ کا تعین ہے اور دوسرا مطالبہ مہلوکین کی تعداد پر نظر ثانی کا ہے۔ ایک اور احتجاجی کارکن صفرین خان نے بتایا کہ’’ اگرچہ ہمیں30طویل سال لگے ، ہم نے بالآخر حکومت کو نیند سے بیدار کردیا۔‘‘

Bhopal Gas Victims hunger strike, Government agrees to hike compensation for Bhopal gas tragedy victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں