ہندوستان فلسطین کی تعمیر و ترقی کے حق میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-26

ہندوستان فلسطین کی تعمیر و ترقی کے حق میں

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
ہندوستان نے عربوں کے غلبہ والے علاقہ مشرقی یروشلم میں بڑھتی کشیدگی پر نہایت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان نے زور دے کر کہا کہ وہاں اشتعال انگیزی کو نظر انداز کر نے اور حالات کو معمول پر لانے کی ضرورت ہے ۔ نئی دہلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسرائیل اور فلسطین سیاسی سطح پر آگے آتے ہوئے مذاکرات کا احیاء کریں گے ۔ ہندوستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ اشوک مکرجی نے کل یہاں جنرل اسمبلی کے سیشن کے دوران کہا کہ ہم مشرقی یروشلم کی صورتحال پر نہایت پرتشویش ہیں وہاں پر امن کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے فی الفور اقدامات ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برقراری امن کے ماسوا کوئی اور راستہ کار گرثابت نہیں ہوسکتا ۔ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہوئے مکرجی نے ہندوستانی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہندوستان جدو جہد سے دوچار فلسطینی عوام سے ہمدردانہ رویہ رکھتا ہے ۔ مکرجی نے اس موقع پر فلسطین کی حمایت میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تائید اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان شدت سے یہ بات سمجھتا ہے کہ فلسطین کے مسئلہ کی جامع وپائیدار یکسوئی کے لئے مذاکرات ہی واحد ٹھوس راستہ ہے ،۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک درکار سیاسی خواہشات کے تحت آگے آتے ہوئے مذاکرات کا احیاء کریں گے جب کہ ہندوستان بھی بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کی یکسوئی کے حق میں ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان ، غزہ میں موجود رکاوٹوں کو مکمل طور پر ہٹائے جانے کے حق میں ہے اور انسانی نقل و حرکت کی بنا کسی تحدیدات کے اجازت دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس موسم گرما میں ہوئے حملوں کے بعد غزہ کے عوام بقاء کے لئے جدو جہد سے دوچار ہیں ۔ ان حملوں میں کئی جانیں ضائع ہوئیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں مکانات اور املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا ۔ ان حملوں میں غزہ کی تقریباً ایک تہائی آبادی تباہ ہوگئی ۔ اسرائیل کے حملوں میں زائد از2100فلسطینی ہلاک ہوگئے جن میں زائد از500بچے بھی شامل ہیں ،۔ مکرجی نے مزید کہا کہ ہندوستان فلسطین کے کاز کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور وہاں ترقی کے لئے تکنیکی و مالی مدد بھی کرتا رہا ہے ۔ ہندوستان نے فلسطین کے رفیوجیوں کے لئے ایک ملین ڈالرس کا عطیہ بطور امداد دیا ہے ۔، علاوہ ازیں غزہ میں از سر نو تعمیر کے منصوبہ پر عمل آوری کے لئے بھی نئی دہلی میں حال ہی میں چار ملین یو ایس ڈالر رقم دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عدم تشدد سے متعلق گاندھی جی کے نظریہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندستان، فلسطین میں ترقیاتی پراجکٹس تیار کررہا ہے اور اس کے لئے برازیل اور جنوبی آفریقہ کی مدد حاصل کی گئی ہے ۔

India is implementing development projects in Palestine

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں