تلنگانہ میں ملک کی اولین فارما سٹی کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-28

تلنگانہ میں ملک کی اولین فارما سٹی کا قیام

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر نے آج ریاستی اسمبلی کو بتایا کہ ملک کی پہلی فارما سٹی ریاست تلنگانہ میں قائم کی جائے گی ۔ ریاست کی نئی صنعتی پالیسی پر ایک بیان دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست گجرات کے شہر سورت کی طرز پر ورنگل میں ٹیکسٹائل ہب،پارجہ سازی کا مرکز، قائم کیاجائے گا ۔ شہر حیدرآباد کا موسم اور یہاں کا شہرت یافتہ کاسمو پولٹن کلچر آئی ٹی جیسی صنعتوں کے قیام کے لئے موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں بالخصوص فارما، آئی ٹی، سولار انرجی اور انجینئرنگ جیسی صنعتوں کے قیام کے لئے تمام ممکنہ مددفراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صنعتوں کے فروغ کے لئے ریاستی بجٹ میں550کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ صنعتی شعبہ کے لئے درکار بجلی کی سربراہی کو یقینی بنانے مختلف ذرائع سے2000میگا واٹ زائد برقی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ واٹر گرڈ سے10فیصد پانی صنعتوں کے لئے مختص کیاجائے گا ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست میں صنعتوں کے فروغ کے لئے سابقہ حکومتوں کی جانب سے جو اقدامات کئے گئے ہین وہ کافی بہتر تھے لیکن اس کے خاطر خوہا نتائج برآمد نہیں ہوسکے ۔ انہوں نے ریاست کو صنعتیانے سے متعلق اپوزیشن ارکان کی جانب سے پیشکردہ مختلف تجاویز کے لئے شکریہ ادا کیا۔ سابق وزیروکانگریس رکن ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ مختلف ترغیبات اور دیگر امداد سے قبل امکانی سرمایہ کاری کا جائزہ لے ۔

India's first pharma city to be located in Telangana state

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں