پارچہ کی صنعت کو عصری بنانے کی ضرورت پرزور - مودی کا دورہ حلقہ وارانسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-08

پارچہ کی صنعت کو عصری بنانے کی ضرورت پرزور - مودی کا دورہ حلقہ وارانسی

وارانسی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے پارچہ سازی شعبہ میں ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ بہتری لانے اور فروغ انسانی وسائل کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ نوجوان’’ کسی مجبوری کے تحت نہیں بلکہ فخر کے ساتھ اس کو بطور پیشہ اختیار کریں ۔‘‘ صنعت پارچہ سازی کو عصری بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے بافندگان سے کہا کہ وہ عالمی صارفین تک رسائی کے لئے ابھرتی ہوئی ای۔ کامرس مارکٹ سے استفادہ کریں ۔ یہاں بافندگان کے ٹریڈ فیسیلیٹیشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ای ۔ بزنس بڑھ رہا ہے ۔ عالمی مارکٹ میں اس شعبہ میں مواقع موجود ہیں ۔‘‘ مودی نے جو اقتدار پر فائز ہونے کے بعد اپنے حلقہ لوک سبھا کا پہلی بار دورہ کررہے ہیں کہا کہ ملک میں جولوگ اپنی گزر بسر کے لئے مختلف فن، پیشے اختیار کرتے ہیں ان کی تعداد کی اصطلاحوں میں زراعت کے بعد پارچہ سازی کا دوسرا ہی نمبر ہے ۔ یہ ایک منفرد پیداواری سرگرمی ہے جس میں آجر اور ملازم کے درمیان فرق و امتیاز نہیں ہے ۔‘‘ جو لوگ اپنا سرمایہ مشغول کرتے ہیں اور جو لوگ اپنے ہاتھوں سے کام کرتے ہیں ، مل جل کر ایک خاندان کی طرح مصروف عمل رہتے ہیں ۔‘‘ (سنگ بنیاد کی تقریب شہر کے مضافات میں واقع موضع لال پور میں منعقد ہوئی ۔)مودی نے اس موضع میں ایک پاور لوم سروس سنٹر کا بھی افتتاح کیا ۔بتایاجاتا ہے کہ یہ پراجکٹس مرکزی وزیر ٹیکسٹائلس جملہ147کروڑ روپے کے مصارف سے تکمیل کو پہنچا رہی ہے ،۔ ابتدائی مرحلہ کے لئے50کروڑ روپے پہلے ہی منظور کئے جاچکے ہیں ۔ وزیر اعظم نے مشرقی یوپی کے16اضلاع کے کوآپریٹیو بنکس سے متعلق بھی اعلان کیا ۔ مالیاتی مشکلات کے سبب حال ہی میں ان بینکوں کوبند کردیا گیا یہ ۔ مرکز کی2375کروڑ روپے امداد کے ذریعے ان بنکوں کا احیاء کیاجائے گا ۔ مودی نے کہا کہ ’’ہمیں ادنی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان بنکوں کا حیاء کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ ادارے تمام سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کے تعاون و اشتراک سے چلائے جاتے ہیں ۔‘‘ انہوں نے تقریباً نصف گھنٹہ کی اپنی تقریر میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بجٹ میں جن پراجکٹس کا اعلان کیا گیا تھا وہ ابھی پورے نہیں ہوئے ہیں کیونکہ’’ اراضی کی قلت کے سبب یہ شہر سے کافی دور ہیں ۔ ہم نے حکومت اتر پردیش سے شہر سے قریب اراضی دینے کا مطالبہ کیا ہے لیکن اس پر عمل نہیں ہوا اس لئے ہمیں اس مقام موضع پر اکتفا کرنا پرا۔ تاہم مودی نے کہا کہ اس امر کویقینی بنانے کی تمام تر کوششیں کی جائیں گی کہ یہ ٹریڈ فیسیلیٹیشن سنٹر اور کرافٹ میوزیم’’ملک کے یا دنیا کے کسی مقام سے وارانسی کے دورہ کے لئے آنے والے ہر شخص کے لئے مرکز کشش بن جائے ۔‘‘ وزیرا عظم نے اپنے خطاب سے قبل ایک گیلری میں رکھی ہوئی شاندار بنارسی ساڑیوں اور بھدوہی ، مرزا پور کی مشہور قالینوں کا مشاہدہ کیا اور فنکاروں، ہنرمندوں سے بات چیت کی ۔ قبل ازیں طیران گاہ پر مودی کی آمد پر ریاستی گورنر رام نائک ، چیف منسٹر اکھلیش یادو اور ریاستی کابینہ کے سینئر رکن احمد حسن نے ان کا استقبال کیا ۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شہ نشین پر وزیر اعظم کے ساتھ ریاستی گورنر اور ریاستی وزیر بھی بیٹھے ہوئے تھے ۔

Govt working towards modernising textile sector, says PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں