مولانا آزاد نیشنل اکیڈمی فار اسکلس کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-11

مولانا آزاد نیشنل اکیڈمی فار اسکلس کا سنگ بنیاد

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے آج نئی دہلی میں مولانا آزاد بھون میں مولانا آزاد نیشنل اکیڈمی فار اسکلس (ایم اے این اے ایس) کا سنگ بنیاد رکھا اور اکیدمی کے دفتر کابھی افتتاح کیا ۔ مولانا ابوالکلام آزاد کے125ویں یوم پیدائش کے موقع پر سنگ بنیادی کی مختصر تقریب کو خطاب کرتے ہوئے نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی اسکل ڈولپمنٹ(ہنر مندی کو فروغ دینے کی)خواہش کی تکمیل کی طرف ایک قدم بڑھاتے ہوئے انہوں نے بچوں کے ہنر کو فروغ دینے کی غرض سے آج یہ ادارے قائم کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اولین وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد نے بھی اپنی دوررس بصیرت کی وجہ سے اس زمانے میں بچوں کے ہنر کو فروغ دینے کی وکالت کی تھی اس لئے ان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے مودی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے ۔ تاکہ اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جانے والے اقلیتی طبقات کے بچے اپنے ہنر اور صلاحیت کے ذریعے ملک کی تعمیر میں اپنا اہم رول ادا کرسکیں۔نجمہ ہبت اللہ نے مولانا آزاد نیشنل اکیدیمی برائے ہنر کی اہمیت و افادیت بتاتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے قیام کا اصل مقصد اقلیتوں ، خاص طور پر مسلم بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی رہنمائی اور مدد کرکے ان کا مستقبل روشن بنانا ہے ، تاکہ ملک کی ترقی کو تیز رفتار بتایاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقات کے لوگ جب صحیح طریقے سے ترقی کریں گے تبھی وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس حقیقی معنوں میں صحیح ثابت ہوگا ۔ قومی ہم آہنگی کے تعلق سے نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ مولانا آزاد ہندو مسلم اتحاد کے سب سے بڑے علمبردار تھے ، جن کا یہ خیال تھا کہ اگر ہندو مسلم اتحاد نہیں رہا تو اس سے انسانیت کا نقصان ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہندو، مسلم اتحاد کے زبردست حامی تھے۔
نصابی کتابوں کے سلسلے میں نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ مولانا آزادنے ہندوستان کی آزادی سے پہلے ہی ملک کی تعلیم کا خاکہ یپش کردیا تھا اور انہوں نے سب کے لئے یکساں تعلیم کی وکالت کی تھی ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہائر ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ سیکنڈری ایجوکیشن کو بھی مضبوط بنانے پر زور دیا تھا ، جس کے لئے مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنا اہم رول ادا کررہا ہے۔ آزادی کی لڑائی میں مولانا ابوالکلام آزاد کی جدو جہد پر روشنی ڈالتے ہوئے نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لئے مولانا نے نوجوانی کی عمرمیں ہی جیل میں زندگی گزاری اور اپنی زبردست جود جہد کے ذریعہ انہوں نے ملک کے اس عظیم مقصد کو آگے بڑھایا ۔ مولانا آزاد بھون کے آس پاس کی حالت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عمارت کے ارد گرد کی حالت انتہائی خستہ تھی ، جسے ان کی وزارت کے افسروں نے ٹھیک کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس عمارت کی توسیع اور تعمیر نو بھی کی جاسکتی ہے ۔ خیال رہے کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع مولانا آزاد بھون میں مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا دفتر بھی ہے ، جہاں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے باصلاحیت بچوں کے حصول تعلیم کے لئے وظیفے دینے کے علاوہ اقلیتی طبقے کے بچوں کے لئے مختلف تعلیمی اسکیمیں چلائی جاتی ہیں ۔ اسی عمارت میں آج مولانا آزاد نیشنل اکیڈیمی برائے ہنر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور دفتر کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس تقریب کے اہم شرکاء میں اقلیتی لسان کے کمشنر پروفیسر اخترالواسع ، وزارت برائے اقلیتی امور کے سکریٹری اروند مایا رام ، مسٹر ڈی ایس بشٹ ، بدرالدین خان اور دیگر افراد شامل تھے ۔

Dr.Najma Heptulla Inaugurates Office of Maulana Azad National Academy for Skills

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں