یوم اطفال - بچوں کی تعلیمی رہنمائی و مدد کے لئے اڑان پروگرام کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-15

یوم اطفال - بچوں کی تعلیمی رہنمائی و مدد کے لئے اڑان پروگرام کا افتتاح

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے آج یوم اطفال کے موقع پر بچوں کی تعلیمی رہنمائی اور ان کی تعلیمی مدد کے لئے شروع کئے گئے ’’اڑان ‘‘پروگرام کا افتتاح کیا ۔ سینٹرل بورڈ آف سیکنڈی ایجوکیشن(سی بی ایس ای) کے زیر اہتمام شروع کئے گئے ’’اڑن ‘‘پروگرام کاافتتاح کرتے ہوئے محترمہ ایرانی نے کہا کہ حکومت نے اس پروگرام کا آغاز کرکے غریب ، اقتصادی طور پر کمزور اور دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے طلباء، خاص طور پر طالبات کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی غرض سے ایک بہترین قدم اٹھایا ہے، جسکا بچوں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔مرکزی وزیر نے طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان امکانات کا ملک ہے ، جن کو حاصل کرنے کیلئے قوت ارادی اور عزم مصمم کی ضرورت ہے اور ہر چیلنج کا سامنا کرکے آپ کو اپنے مقاصد کو حاصل کرنا ہے ۔
محترمہ اسمرتی ایرانی نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی بی ایس ای نے ہونہار طالبات کے مستقبل کے لئے ایسا راستہ کھولا ہے جس پر چل کر وہ کیرئیر بنا کر اپنی ماؤں کو ان کی محنت کا پھل دے سکتی ہیں ۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ آپ ایسی تعلیم حاصل کریں جو آپ کی خواہشات اور خوابوں کو حقیقت میں بدل سکے ۔’’اڑن‘‘ پروگرام کے ذرائع آپ اپنی لگن اور محنت سے جتنے زیادہ نمبرات حاصل کریں گی، سی بی ایس ای آپ کی فیس معاف کرانے میں اتنی ہی مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اڑن پروگرام اپنی نوعیت کی ایک انوکھی پہل ہے ۔
قبل ازیں سی بی ایس ای کے چیرمین وینت جوشی نے اڑان پروگرام کے اغراض و مقاصدبیان کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ خاص طور پر لڑکیوں کو24گھنٹے آن لائن سپورٹ اور ہفتہ وار آن لائن کو چنگ بھی دی جائے گی تاکہ اس سے استفادہ کر کے لڑکیاں انجینئرنگ سمیت دیگر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے داخلہ ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعہ طالبات کی تعلیمی لحاظ سے ان کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے ان کی رہنمائی بھی کی جائے گی۔

Govt kicks off Bal Swachhta Mission, Udaan scheme for girls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں