سی بی آئی ڈائرکٹر 2 جی اسکام کی تحقیقات سے دور رہیں - سپریم کورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-21

سی بی آئی ڈائرکٹر 2 جی اسکام کی تحقیقات سے دور رہیں - سپریم کورٹ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا کو اپنے ریٹائر منٹ سے آج12دن پہلے اس وقت زبردست دھکا لگا جب سپریم کورٹ نے انہیں یہ کہتے ہوئے2Gاسکام کیس کی تحقیقات سے ہٹا دیا کہ بعض ملزمین کو تحفظ فراہم کرنے ان کے خلاف عائد کردہ الزامات بادی النظر میں قابل اعتبار معلوم ہوتے ہیں ۔ سپریم کورٹ نے ایک غیر متوقع حکم میں اس کیس کی تحقیقات 2Gاسکام کی تحقیقاتی ٹیم کے سنہا کے بعد سب سے سینئر ترین عہدیدار کے حوالے کردیں تاہم چیف جسٹس ایس ایل دتو کی زیر صدارت بنچ نے اس مسئلہ پر تفصیلی احکام جاری کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے اس اہم ایجنسی کی شبیہ مسخ ہوگی۔ قبل ازیں موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے مطابق سپریم کورٹ نے آج سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں2Gاسکام کیس میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ تحقیقات اور قانونی کارروائی سے اپنے آپ کوالگ کرلیں ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی زیر صدارت سپریم کورٹ بنچ نے کہا کہ2Gکیس کی تحقیقات کررہی ٹیم کے سینئر ترین عہدیدار تمام تحقیقات کا جائزہ لیں گے۔2Gاسپکٹرم کیس میں سنہا کے مداخلت کے الزام کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے عدالت نے15ستمبر کو جاری کئے گئے احکامات واپس لے لئے جن میں ایک غیر سرکاری تنظیم( این جی او) سی پی آئی ایس سے کہا گیا تھا کہ وہ اس خبردار کرنے والے کی شناخت ظاہر کرے جس نے سنہا کی مبینہ مداخلت کے بارے میں اطلاع دی تھی ۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سپریم کورٹ نے سی بی آئی کے اس بیان پر برہمی ظاہر کی کہ سینئر وکیل کے کے وینو گوپال اب 2G اسپکٹرم کیس میں مزید پیروی نہیں کریں گے اور جاننا چاہا کہ سی بی آئی عہدیداروں کی کثیر تعداد کمرہ عدالت میں کیوں موجود رہتی ہے ۔ عدالت نے تحقیقاتی ایجنسی کے جوائنٹ ڈائرکٹر اشوک تیواری کی جانب سے وکیل گوپال شنکر نارائنن کو یہ اطلاع دیئے جانے پر کہ وینو گوپال اس کیس میں سی بی آئی کی پیروی نہیں کریں گے سخت اعتراض کیا۔ وینو گوپال سی بی آئی سربراہ رنجیت سنہا کی جانب سے تحقیقات میں مداخلت کرنے کے الزامات کی صفائی پیش کررہے تھے ۔ وینوگوپال کی جانب سے عدالت کو یہ بتائے جانے کے بعد کہ سی بی آئی نے انہیں اس کیس میں ایجنسی کی پیروی نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ، چیف جسٹس ایچ ایل دتو نے برہمی کا اظہار کیا ۔ سینئر وکیل نے کہا کہ نارائنن نے جو2Gکیس میں ان کی مدد کررہے ہیں ، انہیں اس بارے میں اطلاع دی ہے ۔

Don't interfere in 2G scam probe: SC directs CBI chief Sinha to stay away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں