ممبئی میں 4 ہزار سے زائد شہری ڈینگو کا شکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-07

ممبئی میں 4 ہزار سے زائد شہری ڈینگو کا شکار

ممبئی
ایس این بی
شہر میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے سبب انتظامیہ اور بر سر اقتدار شیو سینا کے سربراہ بھی حرکت میں آگئے ہیں اور گزشتہ روز اس سلسلے میں ایک اہم ترین میٹنگ میئر سیہل امبیکر کے بنگلے میں میئر کی صدارت میں ہوئی ۔ جس میں کمشنر سیتا رام کنٹے بھی شریک ہوئے یہاں اس بات پر غور کیا گیا کہ اس کی لپیٹ میں شہر پوش علاقے بھی آگئے ہیں۔ شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صاف صفائی کا خیال رکھیں اور سوسائٹیوں میں گندنی نہ ہونے دیں۔
انہوں نے بی ایم سی میں سینئر پارٹی لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میونسپل اسپتالوں کا دورہ کریں اور وہاں کا جائزہ لیں کہ مریضوں کی دیکھ بھال ٹھیک ڈھنگ سے ہورہی ہے اور انہیں دوائیں وقت پر دی جارہی ہیں یا نہیں ۔ اس میٹنگ میں ایوان کی لیڈر ترشناچندر کانت وشواس راؤ، اسٹینڈنگ کمیٹی کے لیڈر یشودھر پھنسے ، کمشنر سیتا رام کنٹے ، ایم پی راہل شیوالے ، ایم ایل اے سداشرونکر ، ڈاکٹر دیپک ساونت ،ایڈیشنل کمشنر وکاس کھارگے اور دیگر موجود تھے ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ شہر یوں میں دینگو کے سلسلے میں جوڈر وخوف پایاجارہا ہے ، اس کے لئے مقامی کارپوریٹرس اسے نکالنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے بی ایم سی انتظامیہ کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے کہا کہ وہ بی ایم سی سے اس معاملے میں ہر ممکن تعاون کریں ۔ سیتا رام کنٹے کا کہنا تھا کہ بی ایم سی نے بڑے پیمانے پر بیداری مہم شروع کی ہے اور اس دوران چھ ہزار سے زائد مقامات پر ڈینگو کے اثرات کو ختم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سلسلے میں شہری مدد کے لئے ہیلپ لائن ٹیلی فون نمبر2414000پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔ کمشنر کے مطابق گندگی کرنے والے867افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔

Dengue cases more than last year, admits BMC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں