مخالف زرداری تصنیف - کتابوں کی دکانات سے پراسرار طور پر غائب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-20

مخالف زرداری تصنیف - کتابوں کی دکانات سے پراسرار طور پر غائب

کراچی
پی ٹی آئی
پاکستان کے ایک ممتاز تاجر کی تصنیف کردہ نئی متنازعہ کتاب اب کراچی میں کتابوں کی تمام دکانات سے پر اسرار طور پر غائب ہوگئی ہے ۔ اس کتاب کے مصنف صدر الدین ہاشوانی نے اس کتاب میں الزام لگایا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے انہیں ہلاک کرنے کی کوشش کی تھی ۔ اس کتاب بعنوان ’’صداقت کی ہمیشہ فتح‘‘ کی رسم اجراء صرف ہفتہ قبل عمل میں آئی تھی۔ اس کتاب کی تمام کاپیاں پاکستان کے سب سے بڑے شہر بندرگاہ کراچی سے غائب ہوگئی ہیں۔ یہ شہر بھٹو خاندان کا آبائی شہر سمجھاجاتا ہے جہاں اس خاندان کا کافی اثر ہے ۔ پاکستان میں ہاشوانی کی کئی شاندار ہوٹلیں ہیں، میریٹ اینڈ پرل کانٹیننٹل چین ہوٹلیں ، ان ہی کی ملکیت ہیں ۔ ہشوانی کے ترجمان نے بتایا کہ اس کتاب کو تمام کتب فروشوں کے پاس سے زبردستی ہٹا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ’’دلچسپی کی بات تویہ ہے کہ ایسی کارروائی، پاکستان میں کسی اور مقام پر نہیں صرف کراچی میں کی گئی ہے۔‘‘ زرداری، پاکستان،پیپلز پارٹی کے صدر نشین ہیں۔ یہ پارٹی گزشتہ سات سال سے جنوبی صوبہ سندھ پر حکمراں ہے اور کراچی میں زرداری کا کافی اثر ہے ۔ پاکستان میں بعض مشہور اشاعتی اداروں کے نمائندے ، کتاب کے غائب ہوجانے پر تبصرہ کرنے آمادہ نہیں ہیں ۔ یہ نہیں معلوم ہوسکا کہ کس کے حکم پر مذکورہ کتاب کو کتب فروشوں کے اسٹانڈس سے غائب کردیا ہے ۔ ایک دکان کے منیجر نے بتایا کہ اس کتاب کو اس لئے ہٹا دیا گیا کہ اس میں سابق صدر کے خلاف بے بنیا د الزامات تھے اور انتہائی اہانت آمیز زبان استعمال کی گئی تھی ۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ زرداری نے پہلے ہی ایک بلین روپے ہرجانہ کے لئے صدر الدین ہشوانی پر قانونی نوٹس کی تعمیل کردی ہے ۔ ہشوانی پر الزام ہے کہ انہوں نے زرداری اور پیپلز پارٹی کو بدنام کیا ہے ۔ زرداری نے مذکورہ کتاب کے ناشر اور ڈسٹری بیوٹٹر پینگوئن بک ان انڈیا اور لبرٹی بکس ان کراچی پر بھی قانونی نوٹس کی تعمیل کی ہے ۔

Controversial book on Zardari removed from book-outlets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں