اعلیٰ ذات والوں سے متعلق چیف منسٹر بہار کے متنازعہ تبصرہ پر ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-15

اعلیٰ ذات والوں سے متعلق چیف منسٹر بہار کے متنازعہ تبصرہ پر ہنگامہ

پٹنہ
آئی اے این ایس
چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کے اس متنازعہ تبصرہ پر کہ اعلیٰ ذات کے لوگ غیر ملکی ہیں جب کہ دلت اور قبائلی اس ملک کے دیسی باشندے ہیں ، ان کے خلاف 2مقدمات دائر کئے گئے ہیں۔ وکلاء نے آج یہ بات بتائی ، مغربی چمپارن کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس بیٹیا میں اعلیٰ ذات والوں کے خلاف مبینہ ریمارکس پر مانجھی کے خلاف ایک کیس دائر کیا گیا ہے ۔ پرانی گڈری کے ساکن سنجے کمار مشرا نے کل بیٹیا کی چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ کی عدالت میں مانجھی کے خلاف شکایت کی ۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے لئے10دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ ایک مقامی کانگریس قائد وجئے مشرا نے ضلع سمستی پور کے روزیرا میں مانجھی کے خلاف ایک اور کیس درج کرایا ہے ۔ انہوں نے کل روز یرہ سیول کورٹ میں مانجھی کے خلاف کیس درج کرایا ۔ مانجھی نے منگل کو مبینہ طور پر کہا تھا کہ اونچی ذات والے آرین نسل کے ہیں اسی لئے وہ غیر ملکی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ صرف دلت اور قبائلی عوام اس ملک کے دیسی باشندے ہیں۔ حکمران جنتادل یو نے مانجھی کے تبصرہ سے لاتعلقی ظاہر کی ہے ۔ پارٹی ترجمان نیرج کمار نے کہا کہ یہ ان کا اپنا شخصی نکتہ نظر ہے ، پارٹی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ۔ جنتادل یو کے رکن اسمبلی اننت سنگھ نے جو اعلیٰ ذات کی بھومی ہاربرادری سے تعلق رکھتے ہیں، مانجھی کو اس تبصرہ پر’’ پاگل‘‘ قرار دیاور کہا کہ انہیں پاگل خانہ میں شریک کرانا چاہئے ۔
نتیش کمار کے قریبی ایک اور جنتادل یو لیڈر سنجے جھا نے کہا کہ اعلیٰ ذات والوں کے خلاف مانجھی کا تبصرہ انتہائی قابل اعتراض اور غیر ضروری ہے ۔ جھا نے جو برہمن ہیں کہا کہ یہ تبصرہ ناقابل برداشت ہے کیونکہ انہوں نے سماج میں پھوٹ ڈالنے اور کشیدگی پیدا کرنے کی نیت سے ایسے الفاظ استعمال کئے ہیں۔ اپوزیشن بی جے پی نے پہلے ہی مانجھی کو نشانہ تنقید بنایا ہے اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق جتن رام مانجھی کے متنازعہ تبصرہ پر آج حکمراں جنتا دل یو میں جاری احتجاج میں شدت پیدا ہوگئی ۔ ایک اور رکن اسمبلی نے مانجھی کو چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جنتادل یو کے رکن اسمبلی اننت سنگھ نے کل مانجھی کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا اور ضلع بھوجپوری کے ایک اور پارٹی رکن اسمبلی سنیل پانڈے نے مانجھی کے تبصرہ کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے اور انہیں چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جنتال دل یو کہ قومی قیادت نے بھی مانجھی کے متنازعہ تبصرہ پر ناپسندیدگی ظاہر کی ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے دہلی سے فون پر بتایا کہ پارٹی صدر شرد یادو نے اعلیٰ ذات والوں کے بارے میں مانجھی کے تبصرہ پر ناپسندیدگی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں نتیش کمار کے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے مانجھی کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن اس کے بجائے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ اعلیٰ ذات والوں کی تاریخ دوبارہ لکھنے سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں