بی سی سی آئی کو آسٹریلیا کے فیصلے کا انتظار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-29

بی سی سی آئی کو آسٹریلیا کے فیصلے کا انتظار

بیاٹسمن فلپ ہیوز کی سر پر باؤنسر لگنے سے ہوئی موت کے بعد ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اگلے جمعہ سے شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کو لے کر جہاں شک پیدا ہو گیا ہے وہیں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ( بی سی سی آئی) کو اس ٹسٹ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) کے فیصلے کا انتظار ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے کہا کہ میں سی اے کے اپنے ہم منصب حکام کے مسلسل رابطے میں ہوں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ پہلے اس دردنا حادثے سے باہر نکل آئیں اور اس کے بعد جا کر پہلے ٹسٹ کے انعقاد کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں۔ سابق کپتان سنیل گواسکر نے ہیوز کی موت کے بعد کہا ہے کہ پہلا ٹسٹ منسوخ کر دیا جانا چاہیے جبکہ سی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمس سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ ابھی پہلے ٹسٹ کے بارے میں کچھ بھی سوچا نہیں جا رہا ہے اور سب کا دھیان کھلاڑیوں کو اس حادثے کے صدمے سے باہر نکالنے پر لگا ہوا ہے۔

سڈنی سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب عام طور پر کسی میاچ سے پہلے حکمت عملی پر بحث کرنے کیلئے اکٹھا ہونے والی آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم اپنے ساتھی کھلاڑی فلپ ہیوز کو کھو دینے کے بعد اس قدرصدمے میں آ گئی ہے کہ جمعرات سے ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والے پہلے کرکٹ ٹسٹ کا انعقاد غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹسٹ برسبین کے گابا میدان پر کھیلا جانا ہے لیکن کرکٹ آسٹریلیا(سی اے ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ یہ ٹسٹ اب سینکڑوں میل دور دکھائی دیتا ہے کیونکہ کھلاڑی اپنے دوست اور ٹیم کے ساتھی ہیوز کی باؤنسر سے ہوئی موت کو لے کر گہرے صدمے میں ہے۔آسٹریلیائی ٹیم کے کھلاڑی جمعہ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیم کے نفسیاتی معالج مائیکل لائیڈ اور سڈنی میدان پر ہیوز کا علاج کرنے والے ڈاکٹر جان اور ارڈ اور ٹیم ڈاکٹر پیٹر بر نر سے ملے جنہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزانہ اپنی زندگی جس طرح گزرتے ہیں اسی طرح آگے بڑھیں اور اس واقعہ کے بارے میں بہت زیادہ نہ سوچیں۔ اس دوران کچھ دیر تک ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک کمرے میں بیٹھے رہے اور کچھ کھلاڑی اس دوران زار قطار رو دئیے تو کچھ ایک دوسرے کو ڈھارس بندھاتے رہے۔ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو اس صورت حال سے باہر نکلنے کے لیے کاؤنسلنگ دی جا رہی ہے۔مانا جا رہا ہے کہ اس دردناک حادثے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم ذہنی طور پر پہلا ٹسٹ کھیلنے کے لیے تیار نہیں دکھائی دے رہی ہے سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر نے بھی مشورہ دیا ہے کہ پہلا ٹسٹ فی الحال منسوخ کر دیا جانا چاہیے۔ سدرلینڈ نے کہا کہ اگر میں ایمانداری سے کہوں تو کھلاڑی ابھی کچھ بھی نہیں سوچ پا رہے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگوں کے لیے سات دن زیادہ دور نہیں ہوں گے لیکن آپ اگر دوسرے نظریہ سے دیکھیں تو اگلا جمعرات سینکڑوں میل دور دکھائی دیتا ہے۔ جب ہم صحیح دماغی حالت میں ہوں گے تو ہم یقینی ہی پہلا ٹسٹ کھیل سکیں گے ۔ اس درمیان کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹو جنرل منیجر پیٹ ووارڈ نے کہا کہ اس وقت سارا دھیان کھلاڑیوں کو ان کی زندگی میں آگے بڑھانے پر لگا ہوا ہے اور پہلے ٹسٹ کو لے کر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے۔ ووارڈ نے کہا کہ ہم نے پوری ٹیم کو یہاں اکٹھا کیا ہے۔ آج ہم سوگوار ہیں اور اپنے سوالات کا جواب ڈھونڈ رہے ہیں۔ ووارڈ نے ساتھ ہی کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ کھلاڑی اپنی مثبت سوچ میں واپس آئیں تاکہ وہ اپنے فیصلے کر سکیں۔ لیکن فی الحال ایسا کچھ کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ ہیوز کے خاندان کو مدد کرنے کیلئے ہم سے جو کچھ ہوگا وہ ہم کریں گے۔ ہماری مکمل توجہ اس وقت کرکٹ کے بجائے ہیوز خاندان کو سنبھالنے اور کھلاڑیوں کو صدمے سے باہر نکالنے پر لگی ہوئی ہے ۔اس وقت یہ سوچ پانا بھی بہت مشکل ہے کہ کھلاڑی ہیوز کی موت کے ایک ہفتے بعد ٹسٹ میاچ کھیلنے کے لیے میدان پر کیسے اتر سکیں گے۔ سدرلینڈ نے ہیوز کے والد گریگ سے جمعہ کو بات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیوز کرکٹ کو اتنا پیار کرتے تھے کہ وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ کھیل چلتا رہے۔ لیکن کھیل تب ہی آگے بڑھ سکے گا جب ہم اس کیلئے ذہنی طور پر تیار ہوں گے ۔ ہندوستان کا کرکٹ آسٹریلیا الیون کے ساتھ جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والا دو روزہ پریکٹس میاچ ہیوز کی موت کی خبر کے بعد ہی منسوخ کر دیا گیا تھا۔ سدرلینڈ نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) نے اس دردناک حادثے کے بعد انہیں کافی تعاون دیا ہے۔ بی سی سی آئی کی پوزیشن کو بہت اچھی طرح سمجھتا ہے اور وہ سی اے کو ہر ممکن مدد دے رہا ہے۔

خانہ پور میں راجو گاندھی کھیل ابھیان کھیلوں کا آغاز
خانہ پور
(اعتماد نیوز)
مستقر خانہ پور میں دفتر منڈل پریشد خانہ پور کے روبرو پلے گراؤنڈ میں راجو گاندھی کھیل ابھیان کے تحت کھیلوں کا غاز عمل میں آیا ۔ صدرنشین منڈل پریشد خانہ پور آکولہ شو بھارانی نے کھیلوں کا افتتاح کیا ۔ کھیل ابھیان کے تحت والی بال ‘ کھو کھو‘ کبڈی ‘آرچری اور دیگر اتھیلٹکس کھیل مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر صدرنشین منڈل پریشد نے طلبا پر زور دیا کہ وہ کھیل کود کے ذریعہ اپنا اور اپنے منڈل کا نام روشن کریں اور کھیلوں کو روزمرہ کی زندگی کا ایک حصہ بنالیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود کے ذریعہ جسم کو تندرست رکھا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر نائب صدرنشین انکم انوشا ‘ ZPTC سنیتا‘ سرپنچ ستیہ نارائنا ‘ نائب سرپنچ کے سمن ‘ ایم پی ڈی او شیشادری اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچرسز بی رمیش ‘ سائی کرشنا ‘ راملو اور دیگر موجود تھے ۔

مشہور فٹبالر پیلے کو انفیکشن، ہسپتال میں داخل
ساؤ پاؤلو
(ایجنسیاں)
پیلے کو ابتدائی طور پر 13 نومبر کو گردی کی پتھریاں نکالنے کے سرجری کے بعد ہسپتال سے خارج کر دیا گیا تھا برازیل کے مشہور فٹبالر پیلے نے پیشاپ کے انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد کہا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔ ساؤ پاؤلو میں البرٹ آئن سٹائن ہسپتال کی انتظامیہ نے کہا کہ74سالہ پیلے کو طبی عدم استحکام کی وجہ سے داخل کرایا گیا۔اطلاعات کے مطابق پیلے کو پیر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا جس کے بعد وہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا۔لیکن تین بار عالمی فٹبال کپ جیتنے والے پیلے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مجھے پرائیوسی یا نجی زندگی میں خلل نہ پڑنے کی خاطر صرف ہسپتال کے اندر ایک خصوصی کمرے میں منتقل کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ میں ان تیمار داروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مجھے سے ملنے کے لیے آئے لیکن مجھے پرامن طریقے سے اپنا علاج اور صحت یابی کا عمل جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ سٹار فٹبالر نے کہا: میرے لیے آپ کی محبت اور حمایت ایک بہت بڑی مہربانی ہے اور خدا کا شکر ہے کہ یہ کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آنے والی چھٹیاں اپنے خاندان کا ساتھ گزارنے کے انتظار میں ہوں اور نئے سال کا آغاز نئے صحت اور بہت سے طے شدہ بین الاقوامی دوروں کے ساتھ کروں گا۔ برازیلیئن فٹبالر 1958، 1962 اور1970میں عالمی فٹبال کپ جیت چکے ہیں اور انھیں1970کے کپ میں گولڈن بال سے نوازا گیا۔ وہ فیفا پلیئر آف دا سنچری بھی ہیں۔پیلے کو ابتدائی طور پر13نومبر کو گردی کی پتھریاں نکالنے کے سرجری کے بعد ہسپتال سے خارج کر دیا گیا تھا لیکن مقامی میڈیا کے مطابق اس گردے کے آپریشن کے بعد انھیں انفیکشن ہوا۔پیلے خصوصی نگہداشت میں ہیں جو معمول کی نگہداشت کی سطح سے اوپر ہے لیکن لوگ ان سے اب بھی مل سکتے ہیں۔

آسٹریلیا کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرے گا
سڈنی
(ایجنسیاں)
فل ہیوز نے 2009سے 2013کے درمیان26 ٹسٹ میاچس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1,500 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلپ ہیوز کی موت کے بعد کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے فوری تحقیقات کرے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمس سدرلینڈ ایک بیان میں کہا ہے کہ اعداد و شمار سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک اتفاقی حادثہ تھا۔ان کا کہنا تھا: ہم فوری طور پر مینو فیکچررز اور حفاظت فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے اور ان میں مزید بہتری پیدا کرنے کیلئے مشاورت کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ یہ معاملہ مفادِ عامہ کا ہے اور یہ نہ صرف آسٹریلیا کیلئے بلکہ پوری دنیا کے کرکٹروں کی بہتری کیلئے ہے۔ آسٹریلیائی بیاٹسمین فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میاچ کے دوران سر پر شدید چوٹ لگنے کے دو روز بعد جمعرات کو چل بسے تھے۔دوسری جانب آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ کے مطابق فلپ ہیوز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں سرکاری سطح پر ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی تاہم اس حوالے سے کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔کرکٹ آسٹریلیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی اس بات کا بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ آئندہ ہفتے سے بھارت کے خلاف برزبین میں کھیلا جانے والا پہلا ٹسٹ شیڈیول کے مطابق شروع ہو گا یا نہیں۔فل ہیوز نے سنہ 2009 سے 2013کے درمیان26ٹسٹ میاچس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1,500 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔فلپ ہیوز کی موت کے سوگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹسٹ میاچ کے دوسرے دن کا کھیل ایک دن کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔

فلپ ہیوز کی موت کودنیا کھبی فراموش نہیں کر سکے گی:احمد شہزاد
لاہور
(ایجنسیاں)
پاکستان کے اوپننگ بیاٹسمین احمد شہزاد کا کہناہے کہ ہیوز کی موت کرکٹ کا ایسا واقعہ ہے جسے دنیا کھبی فراموش نہیں کر سکے گی ۔میڈیا سے گفتگو پاکستانی اوپنر نے کہا کہ وہ ہیوز کے ساتھ بہت کھیلے ہیں، انہیں شدید صدمہ پہنچا۔احمد شہزاد نے کہا کہ کھیل میں جدت آرہی ہے،اس لیے اس میں استعمال ہونے والا سامان بھی اپ گریڈ ہونا چاہیے۔ پاکستانی اوپنر نے نوجوانوں کو تاکید کی کہ کھیل کے دوران حفاظتی سامان ضرور استعمال کریں۔

شارجہ
(ایجنسیاں)
کپتان برینڈن میکلم نے 100 رن کی تیز رفتار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کے اسکور کو دوسرے دن چائے کے وقفہ پر ایک وکٹ پر 164 رن تک پہونچادیا ۔ کپتان برینڈن میکلم کی ٹسٹ میاچس میں یہ 10 ویں سنچری ہے جنہوں نے صرف 78 گیندوں میں مکمل کیا اور پاکستان کی پہلی اننگز 351 رن کا معقول جواب دینے کیلئے اپنی ٹیم کو طاقتور پلیٹ فارم فراہم کیا ۔ آسٹریلیائی بیاٹسمن فلپ ہیوز کے موت کے بعد اس میاچ پر آج بھی غم کے بادل چھائے دکھائی دیئے ۔ پاکستان جو 3 میاچس کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہے جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ ڈرا ہوگیا ‘ کیلئے آج صبح سازگار نہیں تھی ۔ پاکستانیوں نے اپنی آخری 7 وکٹیں محض 66 رن کے اضافہ پر گنوادیں اور نیوزی لینڈ کے آف اسپنر مارک کریگ نے پہلی مرتبہ ٹسٹوں میں 5 وکٹ حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ‘ انہوں نے پاکستان کی 7 وکٹیں محض 94 رن کے عوض حاصل کیں ۔ آسٹریلیائی بیاٹسمن 25 سالہ فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں ڈومیسٹک میاچ کے دوران سر پر باؤنسر لگنے کے بعد شدید زخمی ہوگئے اور کل صبح سڈنی ہاسپٹل میں ان کا انتقال ہوگیا ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعرات کو دوسرے دن کا کھیل ہیوز کے سوگ میں رد کردیا گیا تھا ۔ آج میاچ شروع ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عہدیداران نے فلپ ہیوز کو خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی منائی ۔ میدان پر افسوس کا ماحول تھا جیسا کہ دونوں طرف کے کھلاڑیوں میں کوئی جوش و خروش نہیں دیکھا گیا حتیٰ کہ جب وکٹیں گر رہی تھیں تو کھلاڑیاں مشکل سے ہی کوئی خوشی کا اشارہ کررہے تھے ۔ برینڈن میکلم نے چائے کے وقفہ سے قبل آخری گیند پر اپنی 10 ویں سنچری مکمل کی ۔ فلپ ہیوز کی یاد میں دونوں طرف کے کھلاڑیوں نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھی تھیں ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ارکان نے اپنی شرٹ پر ’’PH‘‘ تحریر کرتے ہوئے فلپ ہیوز کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ پاکستان کے محمد حفیظ جو پہلے دن 178 رن بناکر ناٹ آؤٹ تھے ‘ بدقسمتی سے آج صرف 3 رن کی کمی کے باعث اپنی ڈبل سنچری مکمل نہیں کرسکے ۔ وہ 197 رن بناکر سوڈھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ 34 سالہ محمد حفیظ جن کا اس سے پہلے بہترین انفرادی اسکور 196 رن تھا نے 25 اور 3 چھکے لگائے ‘ ان کی اننگز 316 گیندوں پر محیط تھی ۔ برینڈن میکلم کی سنچری میں 13 باؤنڈریاں اور 5 چھکے شامل ہیں ۔ انہو ں نے اوپنر ٹام لاتھم (13 رن) کے ساتھ 51 اور کین ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے چائے کے وقفہ تک 113 رن کی ناٹ آؤٹ پارٹنرشپ نبھائی تھی ۔

فیفا نے کولاسو پر لگائی 3 سال کی پابندی
نئی دہلی
(یو این آئی)
بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن(فیفا) نے کل ہند فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف ) کے سابق جنرل سکریٹری البرٹو کولاسو پر رشوت کے الزام میں 3 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ فیفا نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کولاسو نے سال 2009 میں محمد بن حمام کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سیٹ کیلئے ہوئے انتخابات میں رشوت لی تھی۔ ان انتخابات میں بن حمام نے بحرین کے خلیفہ شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو 23۔21 کے قریبی فرق سے شکست دی تھی حالانکہ دونوں ہی امیدواروں پر ووٹ خریدنے کے الزامات لگے تھے۔ فیفا نے بتایا کہ کولاسو اس وقت ہندوستان کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نمائندے کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ پولنگ کوالالمپور میں ہوئی تھی اور کولاسو پر بدعنوانی اور رشوت کے الزام لگے تھے۔ عالمی تنظیم نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ کولاسو نے مئی 2009 میں فیفا انتخابات میں ووٹ کے بدلے رشوت لی تھی۔ انہیں فیفا کے قوانین 13 اور 18 کی خلاف ورزی کا مجرم پایا جاتا ہے جس کے تحت انہوں نے ضابطے توڑے اور تعاون اور پرائیویسی کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔ اس کے علاوہ ضابطہ 20 کی خلاف ورزی کے تحت انہوں نے رشوت اور دیگر تحفے قبول کئے جبکہ ضابطہ 21 کی خلاف ورزی کے تحت انہیں بدعنوانی اور رشوت کا مجرم پایا جاتا ہے ۔شیخ سلمان نے آخر کار فیفا بورڈ کی سیٹ مئی میں 2013 میں جیتی جبکہ بن حمام پر تادیبی کمیٹی نے ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن میں مالی گڑبڑی کے الزامات میں تا عمر پابندی عاید کر دی تھی۔ کولاسو اے آئی ایف ایف کے پہلے پروفیشنل جنرل سکریٹری تھے اور دو مدت تک عہدے پر رہنے کے بعد 2009 میں وہ ریٹائر ہو گئے تھے۔اگرچہ کولاسو نے اپنی صفائی میں کہا ہے کہ انہیں اے آئی ایف ایف نے نمائندے کے طور پر شامل کیا تھا اور حمام کو ووٹ دینے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ اے آئی ایف ایف کا تھا۔ انہوں نے ا کہ مجھے فیفا میں انتخابات کا حصہ بننے کے لیے ہندوستان کی طرف سے اے آئی ایف ایف نے منتخب کیا تھا اور کسے ووٹ دینا ہے یہ میرا نہیں اے آئی ایف ایف کا ہی فیصلہ تھا ۔ اس درمیان اے آئی ایف ایف کے صدر پرفل پٹیل نے کہا کہ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ اے آئی ایف ایف کا ایک رکن ایسے تنازعہ میں ملوث پایا گیا ہے۔ ہمیں اس کے بارے میں کوئی سابق معلومات نہیں تھیں۔ اگر ہمیں پتہ ہوتا تو ہم اسی وقت قدم اٹھا لیتے ۔ پٹیل اس وقت اے آئی ایف ایف کے عبوری صدر تھے۔

سندھو سیمی فائنل میں
مکاؤ
(یو این آئی )
عالمی چمپئن شپ کی برونز میڈل فاتح اور دوسری سیڈ ہندوستان کی پی وی سندھو نے ایک اور مقابلہ میں پانچویں سیڈ چین کی ہان لی کو 21-17,19-21,21-16 سے ہرا کر جمعہ کو مکاؤ اوپن بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے ۔ سندھو نے گزشتہ میاچ میں انڈونیشیا کی لنزا وینی فینیتری کو ایک گھنٹے 5 منٹ میں شکست دی تھی جبکہ کوارٹرفائنل میں انہیں چین کی ہان لی کو شکست دینے میں ایک گھنٹے 3 منٹ تک کھیلنا پڑا۔دنیا کی 11 ویں نمبر کی کھلاڑی سندھو کا سیمی فائنل میں 23 ویں نمبر کی لینڈ کی بسانن اوگبمروگپان کے ساتھ مقابلہ ہوگا جن کے خلاف ان کا4-0 کا کریئر ریکارڈ ہے۔سندھو نے بسانن کو اس سال دو مرتبہ ہانگ کانگ اوپن اور ایشیا چمپئن شپ میں شکست دی تھی۔ تھائی کھلاڑی نے کوارٹرفائنل میں تیسری سیڈ کینیڈا کی مشیل لی کو 37 منٹ میں 21-11,21-14 سے شکست دی۔اپنے کیریئر میں پہلی بار ہان لی کے خلاف کھیل رہی سندھو نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلا گیم 21-17 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں سندھو ایک وقت 15-11 سے آگے تھیں لیکن چینی کھلاڑی نے واپسی کرتے ہوئے 19-18 کی برتری بنانے کے بعد یہ گیمز 21-19 سے جیت لیا۔ فیصلہ کن گیم میں ہان نے 6-3 سے برتری بنائی لیکن سندھو نے مسلسل چار پوائنٹس لے کر 7-6 سے برتری بنائی۔ سندھو نے پھر مسلسل پانچ پوائنٹس لے کر 14-8 سے برتری حاصل کرلی۔ ہان نے جدوجہد کرتے ہوئے اسکور کو ایک وقت 16-17 کر دیا۔ لیکن ہندوستانی کھلاڑی نے پھر لگاتار چار پوائنٹس لے کر 21-16 سے گیمز اور میاچ ختم کر دیا۔

وقار یونس کا شین ایبٹ کو نفسیاتی کاؤنسلنگ کا مشورہ
لاہور
(یواین آئی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ آسٹریلیائی بیاٹسمن فلپ ہیوز کو ہلاکت خیز گیند کرنے والے بولر شین ایبٹ کو نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے تاکہ یہ نوجوان کھلاڑی کرکٹ سے وابستہ رہے۔ فلپ ہیوز کی ناگہانی ہلاکت کے بعد وقار یونس کی طرح دنیائے کرکٹ کے متعدد سابق کھلاڑیوں نے ایسے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ شاید بائیس سالہ آسٹریلیائی بولر شین ایبٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔ اس تناظر میں وقار یونس نے کہا کہ یہ ایک سوال ہے کہ آیا شین ایبٹ کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایبٹ کو نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ عمل شروع کر دیا گیا ہو گا۔ وقار کے بقول اس مخصوص وقت میں شین ایبٹ کو پرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔منگل کے دن سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیائی ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک میاچ کے دوران شین ایبٹ کا ایک باؤنسر اس وقت فلپ ہیوز کے سر پر لگا تھا، جب وہ اس تیز ڈیلیوری کو ہُک کرنے کی کوشش میں تھے۔ اس چوٹ کے بعد وہ بے ہوش ہو کر گر گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن دو دن بعد جمعرات 27 نومبر کو وہ اس زخم کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔اس دہلا دینے والے واقعے کے بعد جہاں دنیائے کرکٹ ایک غم کی کیفیت میں ہے، وہیں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس ہلاکت میں شین ایبٹ کا کوئی قصور نہیں ہے اور انہیں اس وقت مدد کی ضرورت ہے۔ سابق انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ لارنس نے تو اس تناظر میں یہ بھی کہہ دیا ہے کہ اس سانحے کے بعد ایبٹ اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ 1980میں ویسٹ انڈیز کے بیاٹسمن فل سیمنس کو باؤنسر پر شدید زخمی کرنے والے لارنس نے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ شین ایبٹ اس وقت کیا سوچ رہے ہوں گے۔ میرا خیال نہیں کہ وہ دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے۔یاد رہے کہ لارنس کی گیند پر شدید زخمی ہونے والے سیمنس تندرست ہو گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے لارنس سے کہا تھا کہ اس حادثے میں ان کا کوئی قصور نہیں تھا۔ لیکن ایبٹ کے معاملے میں ایسا نہیں کیونکہ ہیوز یہ کہنے کے لیے زندہ نہیں ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق شین ایبٹ انتہائی صدمے کی حالت میں ہیں اور انہیں نفسیاتی مدد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ جلد ہی اس کیفیت سے باہر آ جائیں۔ ایک اور انگلش فاسٹ بولر پیٹر لیور نے بھی شین ایبٹ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے حواس مجتمع رکھتے ہوئے پرسکون رہنا چاہیے۔ پیٹر لیور نے 1975ء میں کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ایک ٹسٹ میاچ کے دوران نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ایوان چیٹفیلڈ کو باؤنسر مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔ چیٹفیلڈ کو اس انجری سے مکمل طور پر صحت مند ہونے کے لیے کئی ماہ کا وقت لگا تھا۔ اپنے تجربات کی بنیاد پر پیٹر نے کہا کہ یہ صورتحال بہت مشکل ہوتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ شین ایبٹ آئندہ کچھ ہفتوں تک سو نہیں سکے گا۔کرکٹ کے متعدد کھلاڑیوں کی طرح عالمی سیاستدانوں اور ٹٰینس کے معروف کھلاڑیوں رفیل نڈال اور اینڈی مرے نے بھی ہیوز کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس مخصوص وقت میں شین ایبٹ کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے۔

میر پور
(ایجنسیاں)
بنگلہ دیش نے زمبابوے کے خلاف چوتھے ونڈے انٹرنیشنل میں محمود اللہ اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم کی نصف سنچریوں کے ساتھ مقررہ 50 اوورس میں 8 وکٹ پر 256 رن بنالئے ۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ نے ٹاس جیتی اور پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا اگرچہ میزبان نے 32 رن کے اسکور پر 4 اہم وکٹیں گنوائیں لیکن محمود اللہ اور مشفق الرحیم کے درمیان 5 ویں وکٹ کیلئے 134 رن کی پارٹنرشپ نے بنگلہ دیش کو میاچ میں واپس لایا ۔ محمود اللہ نے 82 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی ‘ مشفق الرحیم 77 ‘ مشرف مرتضیٰ 39 اور تمیم اقبال 16 رن کے ساتھ قابل ذکر اسکور کیا ۔ ایس ایف مائر اور مڈزیوا نے 3 ‘ 3 وکٹیں لیں جبکہ کمنگزوئی کو 2 وکٹیں ملیں ۔ بنگلہ دیش کو 5 میاچس کی سیریز میں 3-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل ہے ۔

BCCI will wait for Australia to arrive at a decision

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں