عمران خان اور طاہر القادری کو اشہتاری ملزم قرار دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-15

عمران خان اور طاہر القادری کو اشہتاری ملزم قرار دیا گیا

اسلام آباد
پی ٹی آئی
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے ایس ایس پی آپریشنس کو زدوکوب کرنے اورکار سرکار میں مداخلت کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر نشین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری کو اشتہاری قرار دیا ہے ۔ عدالت نے ان دونوں قائدین کو اسلام آباد پولیس کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر جمعہ کو اشتہاری قرار دیا ۔ اس مقدمہ میں سرکاری وکیل سید طیب ایڈوکیٹ نے بتایا کہ اس درخواست کی سماعت کے دوران انہوں نے دلائل دیئے کہ فاضل عدالت کی طرف سے ان ملزمین کی جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کے بعد پولیس ملزمین کو گرفتار نہیں کرسکی ہے اور نہ ان افراد نے خود کو پولیس کے سامنے پیش کیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے اس مقدمہ کے تفتیشی عہدہ دار سے استفسار کیا کہ یہ افراد تو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے روزانہ تقریر یں کرتے رہے ہیں تو پھر انہیں وہاں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ۔ تفتیشی عہدہ دار کا کہنا تھا کہ اگر ان ملزمین کو وہاں پر گرفتار کرنے کی کوشش کی جاتی تو وہاں امن و امان خراب ہونے کا خدشہ تھا اس لئے عمران خان اور طاہر القادری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سے گرفتار نہیں کیا گیا ۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ87کے تحت پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کو اشتہاری قرار دے کر ان کی تصاویر کو گھروں کے علاوہ عوامی مقامات پر بھی چسپاں کرنے کا حکم دیا ۔ واضح رہے کہ د و روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سرکاری ٹیلی ویژن اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملوں کے مقدمات میں عمران خان اور طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے ۔

ATC declares Imran, Qadri absconders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں