کھٹمنڈو میں 26 نومبر سے سارک چوٹی کانفرنس کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-22

کھٹمنڈو میں 26 نومبر سے سارک چوٹی کانفرنس کا آغاز

کھٹمنڈو
پی ٹی آئی
سارک چوٹی کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ۔ جب کہ وزیر اعظم نیپال سشیل کوئرالہ نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دورہ کنندہ وفد کے لئے خامیوں سے پاک سیکوریٹی فراہم کرنے کو یقینی بنائے ۔ سوشیل کوئرالہ نے کھٹمنڈو میں ہوٹل سولٹی کراون پلازہ کا معائنہ کیا جہاں18ویں سارک چوٹی کانفرنس کے شرکاء اور عہدیدار قیا م کریں گے ۔ اس چوٹی کانفرنس کا آغاز 26نومبر سے ہوگا جو کہ27نومبر تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے چوٹی کانفرنس کے انعقاد کے مرکزی مقام کا بھی معائنہ کیا اور مندوبین کو فراہم کردہ رہائش کی سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کوئرالہ نے ان کمروں کا بھی معائنہ کیا جہاں سارک چوٹی کانفرنس کے شرکاء اور مندوبین قیام کرنے والے ہیں ۔ انہوں نے اس سوٹ کا بھی معائنہ کیا جہاں وزیر اعظم نریندر مودی قیام کریں گے۔ ایک پاش ہوٹل میں سارک کے مندوبین کے لئے آٹھ اسپیشل سوٹس تیار کئے جارہے ہیں ۔ نریندر مودی، ہوٹل کے اگزیکٹیو سوٹ میں قیام کریں گے جب کہ دوسرے مندوبین ریگل سوٹس میں قیام کریں گے ۔ سشیل کوئرالہ نے سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مندوبین کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور آرام کے لئے اقدامات کریں اور اس کو یقینی بنایاجائے۔ خامیوں سے پاک سیکوریٹی اور درکار اقدامات اور انتظامات کئے جائیں ۔ کھٹمنڈو کے مضافات میں واقع ایک ہوٹل میں بھی اجلاس منعقد ہوں گے ۔ جہاں باہمی امور پر بات چیت کی جائے گی۔
نیپال کے صدر مقام کو سارک چوٹی کانفرنس کے پیش نظر سجایا گیا ہے اور سڑکوں کی درستگی اور مرمت بھی کی گئی ہے ۔ کئی سڑکوں پر سولار لائیٹس لگائے گئے ۔ آٹھ سارک ارکان ممالک افغانستان ، بنگلہ دیش ،بھوٹان ،مالدیپ ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کے پرچم لگائے جارہے ہیں ۔اور سرکاری عمارتوں کی آہک پاشی کی گئی ہے ۔ سٹی ہال جو کہ چوٹی کانفرنس کا مرکزی مقام ہے ۔ اس کو سجایا گیاہے ۔ سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ سرکاری عمارتوں اور حساس مقام پر سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے ۔ نیپال پولیس ، آرمڈ پولیس فورس اور نیشنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کو سیکوریٹی انتظامات کے لئے سر گرم کردیا گیا ہے ۔ ان کے علاوہ فوج بھی انتظامات میں حصہ لے گی ۔ ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے اور سیکوریٹی انتظامات کے لئے تعلیمی اداروں کو چار دنوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ کھٹمنڈو سے60کلو میٹر دور دھولی کھیل میں بھی سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے ۔ یہ مقام پہاڑیوں کے قریب ہے یہاں بھی سارک مندوبین آئیں گے ۔26اور27نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں