کشمیر میں داعش کا کوئی وجود نہیں - عمر عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-15

کشمیر میں داعش کا کوئی وجود نہیں - عمر عبداللہ

نئی دہلی
آئی اے این ایس
چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے وادی میں ہوئے سڑکوں پر احتجاجوں کے دوران آئی ایس آئی ایس کے پرچموں کے نمودار ہونے کے واقعہ کو گھٹا کر پیش کیا اور اس ریاست میں دہشت گرد گروپ( آئی ایس آئی ایس) کی موجودگی کی تردید کی ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ان’’ بے وقوف نوجوانوں‘‘ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جنہوں نے پرچم دکھائے تھے ۔ عمر عبداللہ نے یہاں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ’’جموں و کشمیر میں آئی ایس آئی ایس کا کوئی گروپ موجود نہیں ہے ۔ بعض بے وقوف نوجوانوں نے پرچم استعمال کئے تھے لیکن بس اتنا ہی ہوا۔‘‘ بد قسمتی سے بعض چیانلوں نے اس مسئلہ سے غیر ضروری طور پر کھلواڑ کیا ۔ ہم پہلے ہی خاطیوں کے خلاف کارروائی کرچکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں بعض گرفتاریوں کے علاوہ پرچم تیار کرنے والے ٹیلر کی بھی شناخت کی گئی ہے ۔ اور اس کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جارہی ہے ۔’’ہم ہر ضروری قدم اٹھا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود میڈیا ہم پر یہ الزام لگا رہا ہے کہ ہم خاطیون کو سزا دینے کچھ نہیں کررہے ہیں ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ہندوستانی فوج نے گزشتہ جولائی میں کہا تھا کہ افغانستان سے دہشت گردی کا پھیلاؤ، جموں و کشمیر تک ہونے کا امکان ہے ۔ سری نگر میں آئی ایس آئی ایس کے پوسٹرس اور پرچموں کے نظر آنے کے بعد یہ حقیقی خطرہ معلوم ہوا ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں