مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی اعانت کے لئے پاکستان کی مساعی ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-15

مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی اعانت کے لئے پاکستان کی مساعی ناکام

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ سے مداخلت طلب کرنے کی پاکستان کی تازہ ترین کوششیں ناکا م ہوگئیں اور اس عالمی ادارہ نے پاکستان کو کوئی نیا جواب نہیں دیا ہے اور اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان اپنے تمام دیرینہ اختلافات کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ کریں اور تنازعہ کشمیر کا دیرپا حل تلاش کریں ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے ہندوستان کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی پر ایک مکتوب سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون کے نام لکھا تھا اور اقوام متحدہ سے مداخلت کی مانگ کی تھی ۔ اس طرح پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی رنگ دینے کی اپنی کوششوں میں تیزی پید اکردی تھی ۔ بان کی مون کے نام اپنے مکتوب میں سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی پر امن یکسوئی کے مقصد کو آگے بڑھانے میں اقوام متحدہ کو اہم رول ادا کرنا ہے اور اپنے’’اثرورسوخ‘‘ کو استعمال کرنا ہے ۔ جب مکتوب کے بارے میں بان کیمون کے نائب ترجمان فرحان حق سے سوال کیا گیاتو انہوں نے کل اخبار نویسوں کو بتایا کہ وہ(فرحان حق) بان کیمون کے ترجمان کے اس بیان کا حوالہ دیں گے جو اس ترجمان نے گزشتہ ہفتہ دیا تھا ۔ اس بیان میں بان کیمون نے اس تعلق سے ہندوستان اور پاکستان کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ یہ دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعہ اپنے اختلافات کی یکسوئی کرلیں اور کشمیر میں دیر پا امن و استحکام کے لئے بامقصد بات چیت کریں ۔
بان کیمون کے ترجمان نے یہ بھی کہا تھا کہ سکریٹری جنرل کو ’’ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جو خطہ قبضہ پر تشدد میں حالیہ اضافہ پر تشویش ہے ۔ وہ (بان کیمون) دونوں طرف ہوئے جانی نقصاسنات اور سیویلینس کے بے گھر ہونے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ خط قبضہ کی صورتحال پر دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ ہفتہ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے اجلاس میں لفظی جنگ ہوئی تھی ۔ ہندوستان نے کہا تھا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس میں8افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ ہندوستان نے وضاحت کی کہ اس کے مسلح فورسس’’اشتعال کا جواب دینے پوری طرح تیار ہیں۔‘ ‘ ہندوستان نے یہ بھی کہا تھا کہ تعلقات کو اعتدال پر لانے کے لئے مثبت ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد ہوتی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ اقوام متحدہ ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان متنازعہ علاقہ میں ایک ادارہ جاتی موجودگی کی برقراری پر ایک عرصہ سے زور دیتا آرہا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان میں اقوام متحدہ کافوجی مبصر گروپ ، خط قبضہ اور دونوں ممالک کے درمیان جموں و کشمیر میں عملی سرحدپر لڑائی بندی کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھتا ہے اور اس بارے میں اقوام متحدہ کو رپورٹ دیتا ہے ۔ ایسے واقعات کے بارے میں بھی وہ رپورٹ دیتا ہے جو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے موجب ہوسکتے ہیں ۔ہندوستان ہمیشہ سے یہ کہتا آیا ہے کہ مبصر گروپ اپنی افادیت سے محروم ہوچکا ہے اور اب مسئلہ کشمیر پر اس کو کوئی رول ادا کرنا نہیں ہے ۔

اسلام آباد
آئی اے این ایس
پاکستان اور ہندوستان کے سینئر فوجی عہدیداروں نے آج ہاٹ لائن پر ایک دوسرے سے بات چیت کی اور سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈان آن لائن نے ایک سینئر فوجی عہدیدار کے حوالہ سے اطلاع دی ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی فوجوں کے ڈائرکٹرس آف ملٹری آپریشنس نے ایک دوسرے سے ہاٹ لائن پر بات چیت کی ہے ۔ پاکستان کے ڈی ایم او نے اپنے ملک کی تشویش سے ہندوستانی عہدیدار کو واقف کرایا ۔ سرحد پر کشیدگی بڑھ جانے کے بعد سے پاکستانی اور ہندوستانی فوجوں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا۔ حالیہ دنوں میں ہندوستان اور پاکستان کے سپاہیوں و نیز بارڈر گارڈس نے ایک دوسرے کے علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری کی تھی ۔ دونوں ہی طرف کے متعدد سیویلینس ہلاک ہوگئے تھے اور ہزاروں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑ کر بھاگنا پڑا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں