مہاراشٹرا اور ہریانہ میں آج رائے دہی - وسیع سیکوریٹی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-15

مہاراشٹرا اور ہریانہ میں آج رائے دہی - وسیع سیکوریٹی انتظامات

ممبئی/ چندی گڑھ
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا اور ہریانہ میں15اکتوبر کو اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے آزادانہ و شفاف رائے دہی کو یقینی بنانے وسیع تر سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں ۔ مہاراشٹرا کے288حلقوں کے لئے تقریباً8.33کروڑ رائے دہندے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کا انتخاب کریں گے ۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق مہاراشٹرا میں90,403مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں جن میں سے9920انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں ۔ ریاستی پولیس کے ساتھ نیم فوجی فورسس کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی پولیس کے35ہزار جوان سیکوریٹی خدمات پر تعینات ہیں جب کہ سی آئی ایس ایف ، سی اے ایف کی17کمپنیاں1500سے زائد ہوم گارڈس ، ایس آر پی ایف کی12کمپنیاں فلائنگ اسکواڈس کو مراکز رائے دہی اور ان کے اطراف تعینات کیا گیا ہے ۔ سیاسی جماعتوں کو مراکز رائے دہی سے200میٹر دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ہدایت کے مطابق یہ جماعتیں رائے دہندوں کی رہبری کے لئے200میٹر دور صرف ایک میز اور دو کرسیاں رکھ سکتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے مرکز رائے دہی سے100میٹر کے دائرہ میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگادی ہے ۔ کمیشن نے میڈیا کے لئے بھی رہنمایانہ ہدایات جاری کئے جس کے تحت وہ کل شام6بجے تک سروے رپورٹ نشر نہیں کرسکتے ۔
مہاراشٹرا میں4بڑی جماعتوں میں پھوٹ کے بعد بیشتر حلقوں میں5رخی مقابلہ ہورہا ہے ۔ ریاست میں کانگریس نے287، بی جے پی 280، شیو سینا282، این سی پی278اور ایم این ایس نے219امیدوار میدان میں اتارے ہیں ۔ ایسے وقت جب کہ کانگریس ۔ این سی پی اور بی جے پی ، شیو سینا اتحاد ٹوٹ گیا راج ٹھاکرے کی مہاراشٹرا نونرمان سینا ایک نئی طاقت کی حیثیت سے ابھرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کانگریس، این سی پی اتحاد نے ریاست میں15سال حکومت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی جو بی جے پی کی انتخابی مہم کی عملاً قیادت کررہے تھے اس اتحاد کے اقتدار میں کرپشن اور عدم ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریاست میں بی جے پی کو اقتدار کا موقع دینے کی عوام سے اپیل کی ۔ ہریانہ میں بھی مودی نے زبردست مہم چلائی اور ریاست میں پہلی مرتبہ بی جے پی کو اقتدار دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کئی جلسوں سے خطاب کیا ۔ ہریانہ میں تقریباً 1.63کروڑ رائے دہندے1351امیدواروں کی قسمت پر مہر لگاتے ہوئے90ارکان اسمبلی کو منتخب کریں گے ۔ امیدواروں میں109خواتین ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق رائے دہی صبح7بجے شروع ہوگی اور شام6بجے اس کا اختتام عمل میں آئے گا۔ ووٹوں کی گنتی19اکتوبر کو ہوگی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں