ملک کو مشکلات سے نکالنے مجھے 6 ماہ دیجئے - نریندر مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-05

ملک کو مشکلات سے نکالنے مجھے 6 ماہ دیجئے - نریندر مودی

بیڑ(مہاراشٹرا)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگ جو4مہینوں میں اقتدار پر ان کی(مودی کی) کارکردگی کے بارے میں سوال کررہے ہیں وہ گزشتہ6برسوں میں کچھ نہیں کئے ۔ بیڑ میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ’’وہ لوگ میرے کام کا جائزہ لینا چاہتے ہیں ۔ ان لوگوں نے گزشتہ6برسوں میں کیا کیا ہے ۔ مجھے60مہینے دیجئے ، میں ملک کو مشکلوں سے نکال دوں گا۔‘‘ (یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ سونیا گاندھی نے ہریانہ میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت پر انتخابی وعدوں کو پورانہ کرنے کا الزام لگایا ہے ) مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات کے لئے رائے دہی آئندہ15اکتوبر کو ہونے والی ہے ۔ حلقہ لوک سبھا بیڑ کے ذیلی انتخاب کے لئے بھی اسی روز پولنگ ہوگی۔ مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کے انتقال کے سبب یہ پارلیمانی نشست خالی ہوئی ہے ۔ مودی حکومت کے اقتدار پر آنے کے جلد بعد دہلی میں ایک سڑک حادثہ میں منڈے کا انتقال ہوا تھا( ضلع بیڑ کو آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کا گڑھ سمجھاجاتا ہے ) حال تک بھی مہاراشٹر کانگریس ۔ این سی پی اتحاد کی حکومت رہی ہے ۔ اس اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ دونوں ہی جماعتیں ایک ہی’’گوترا‘‘(قبیلہ) سے تعلق رکھتی ہیں۔’’یہ پارٹیاں ، راشٹر وادی (قوم پرست ) نہیں بلکہ بھرشٹا چاروادی( رشوت خور) ہیں‘‘۔
وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہاراشٹرا میں بی جے پی کو مکمل اکثریت دلائیں ۔ ترقی کے لئے اس پارٹی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ریاست میں کسانوں کی خود کشی کے سالانہ واقعات کی تعداد لگ بھگ3700ہے ۔ دہلی میں ماضی کی یوپی اے حکومت ، ان کسانوں کو آبپاشی کے لئے پانی فراہم کرنے میں ناکام رہی ۔ ’’اگر کسانوں کو پانی اور برقی فراہم کی جائے تو وہ(کسان) کھیتوں کو سونے کی کانوں میں تبدیل کرسکتے ہیں ۔‘‘ اپنے حالیہ دورہ امریکہ و جاپان و نیز صدر شین زئی جن پنگ کے دورہ ہند کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو حیرت ہوگی کہ باہمی معاہدوں سے ملک کو کس طرح فائدے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا مہاراشٹرا کے صنعتی علاقوں اور ممبئی و نیز احمد آباد کے درمیان تیز رفتار ریل رابطہ کے ذریعہ نوجوانوں کے لئے روزگارکی فراہمی میں مدد ملے گی ۔ اگرآج گوپی ناتھ منڈے زندہ ہوتے تو انہیں(مودی کو) انتخابی ریالی کے لئے بیڑ آنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی ۔ مودی نے اپنی تقریر کے دوران سوچھ بھارت مشن کو پھیلانے کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی اپنی سابقہ حلیف شیو سینا سے اتحاد کے ساتھ انتخابات نہیں لڑ رہی ہے بلکہ حال ہی میں دونوں کے راستے جدا جدا ہوگئے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں