ملک کی سب سے دولت مند خاتون - ساوتری جندل سادگی کا پیکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-05

ملک کی سب سے دولت مند خاتون - ساوتری جندل سادگی کا پیکر

ہسار(ہریانہ)
آئی اے این ایس
وہ کروڑہا روپے کی صنعتی سلطنت کی مالک اور9بچوں کی ماں ہیں جن میں مشہور کارپوریٹ شخصیت و سیاست داں نوین جندل بھی شامل ہیں ۔ انہیں ملک کی امیر ترین خاتون قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے باوجود جب وہ ہریانہ کے حلقہ اسمبلی ہسار کی سرکوں اور گلیوں میں گھومتی ہیں تو ایک عام خاتون معلوم ہوتی ہیں۔64سالہ ساوتری جندل عام طور پر معمولی پرینٹیڈ ساڑی زیب تن کرتی ہیں اور صرف انتخابی مہم چلانے کے لئے وہ ایسا نہیں کرتیں۔ حکومت ہریانہ میں وزیر کے عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود وہ سادہ اور گمنام زندگی گزارنا پسند کرتی ہے۔ اپنے انتخابی جلسوں ، مباحث یا گھر گھر مہم کے دوران ساوتری جندل ہمیشہ اپنے سر پر ساڑی کا پلو ڈالے رہتی ہیں۔ عوام سے جو ان کے ووٹر بھی ہیں اپنا تعلق برقرار رکھنے وہ سیدھی سادھی سیاسی تقریر کرتی ہیں ۔ساوتری جندل نے جن کا نام دنیا کے 100امیر ترین افراد میں شامل ہے ، اپنے حلقہ کے رائے دہندوں کو بتایا کہ دوسری جماعتیں اور قائدین بھی ہیں جو بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں ۔ آپ نے2005اور2009میں میرا ساتھ دیا ہے ۔ ہماری حکومت نے گزشتہ ساڑھے نو سال کے دوران بہت سارے ترقیاتی کام کئے ہیں ۔ میں آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ آپ ایک بار پھر مجھے اور کانگریس کو ووٹ دیں تاکہ ہم مستقبل میں بھی اس علاقہ کی ترقی کو یقینی بناسکیں ۔ ساوتری جندل کروڑہا روپے مالیتی اوپی جندل گروپ کی صدر نشین ہیں جو اسٹیل ، برقی اور کانکنی شعبوں کا ایک بڑا نام ہے۔ فوربس نے2008میں پہلی مرتبہ انہیں ملک کی امیر ترین خاتون قرار دیا تھا ۔
اس باوقار تجارتی میگزین کے اکتوبر میں شائع ہونے والے شمارہ میں بھی وہ اسی مقام پر برقرار ہیں ۔ ہندوستان کے امیر ترین افراد کی فہرست میں انہیں12واں مقام دیا گیا ہے ۔ جن کے خاندان کی دولت کا تخمینہ6.4بلین ڈالر( 395بلین روپئے) کیا گیا ہے ۔ اس فہرست میں صنتکار انیل امبانی ، مکیش امبانی ، این آر آئی و اسٹیل کے مشہور تاجر لکشمی متل اور ریالیٹٰ کنگ کے پی سنگھ بھی شامل ہیں ۔ ان کی سادگی سے کئی افراد متاثر ہوئے ہیں لیکن ساوتری جندل کو اس مرتبہ ہسار کی نشست سے کڑے مقابلہ کا سامنا ہے ۔ ہسار کی ایک طالبہ گائتری گوئل نے کہا کہ اخبارات کے ذریعہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ وہ ملک کی امیر ترین خاتون ہیں ۔ ہم سب اس بات سے واقف ہیں کہ وہ جندل گروپ کی سربراہ ہیں جو ایک بڑی صنعتی سلطنت کا مالک ہے ۔ اسکے باوجود وہ سیدھی سادھی دکھائی دیتی ہیں۔ دیگر سیاسی قائدین کے برعکس جو شاندار اور ایس یووی گاڑیوں میں انتخابی مہم چلانے آتے ہیں ، ساوتری معمولی گاڑیوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ نوین جندل بھی ان کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں جس میں گھر گھر مہم بھی شامل ہے ۔ وہ خود بھی کانگریس کے سابق رکن لوک سبھا ہیں۔ جندل نے انتخابی مہم کے دوران کہا کہ ہم نے گزشتہ برسوں میں کافی ترقیاتی کام کیا ہے ۔ لیکن اس کی زیادہ تشہیر نہیں کرسکے ۔ میرے خیال میں عوام کانگریس کے ساتھ ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں