غزہ میں اقوام متحدہ اسکولوں کی تعمیر نو کے لئے ملالہ کا 50 ہزار ڈالر کا عطیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-31

غزہ میں اقوام متحدہ اسکولوں کی تعمیر نو کے لئے ملالہ کا 50 ہزار ڈالر کا عطیہ

لندن
پی ٹی آئی
پاکستان کی کمسن جہد کار اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکولوں کی تعمیر نو کے لئے50ہزار امریکی ڈالر کا عطیہ دیا ہے ۔ یہ اسکول ، حالیہ جنگ میں تباہ ہوگئے ہیں۔’’ ہم سب کو فلسطینی لڑکوں اور لڑکیوں اور دنیا کے کسی بھی خطہ کے بچوں کے محفوظ ماحول میں معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے کام کرنا چاہئے۔ ملالہ نے یہ بات اسٹاک ہوم میں باوقار’’ورلڈس چلڈرنس پرائز‘‘حاصل کرتے ہوئے کہی۔17سالہ ملالہ نے کہا کہ فلسطینی علاقہ میں65اسکولوں کی تعمیر نوم کے لئے یہ رقم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(یو این آر ڈبلیو اے) کے ذریعہ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں مدد کرے گی اور وہ جانیں گے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں اور لوگ ان کی مدد کرہے ہیں ۔ ‘‘واضح رہے کہ2012ء میں طالبان کی گولی سے زخمی ہونے والی ملالہ کو اکتوبر میں امن کا نوبل انعام مشترکہ طور پر ہندوستان کے60سالہ کیلاش ستیارتھی کے ساتھ بچوں کے حقوق پر ان کی مہم کے لئے دیا گیا ۔ پاکستان سمیت مختلف ممالک میں چھوٹے پیمانے کی تنظیموں کی مدد کے لئے ملالہ کے پاس اپنا فنڈ ہے ۔ وہ ایک ہی سال میں نوبل اور چلڈرنز انعام حاصل کرنے والی پہلی لڑکی ہے ۔ چلڈرنز پرائز کے سویڈن کے منتظمین نے کہا کہ دنیا بھر سے لاکھوں بچوں نے ملالہ کو ووٹ دیا ۔ یو این آر ڈبلیو اے کی ویب سائٹ پر شائع شدہ اپنے تبصرے میں ملالہ نے کہا کہ یہ تنظیم غزہ کے بچوں کے لئے بہترین کام کررہی ہے ۔ ملالہ نے کہا کہ ضرورتیں بے پناہ ہیں اور غزہ کی نصف سے زائد آبادی 18سال سے کم عمر کی ہے۔ وہ اپنا مستقبل سنوارنے کے لئے معیاری تعلیم ، امید اور حقیقی مواقع کے مستحق اور خواہاں ہیں ۔ یہ رقم حالیہ جنگ میں تباہ ہوچکے65اسکولوں کی تعمیر نو میں مدد کرے گی۔

Malala Yousafzai gives $50,000 to reconstruction of Gaza UN Schools

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں