دریائے کرشنا کے پانی کے استعمال پر فیصلہ نہیں ہو سکا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-31

دریائے کرشنا کے پانی کے استعمال پر فیصلہ نہیں ہو سکا

حیدرآباد
پی ٹی آئی
کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ (کے آر ایم بی) کا آج مسلسل دوسرے دن اجلاس منعقد ہوا تاہم دریائے کرشنا کے پانی کے استعمال پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاجاسکا جب کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں اپنے اپنے موقف پر اٹل رہے۔ بورڈ کے صدر نشین ایس کے جی پنڈت نے تجویز پیش کی کہ دونوں ریاستوں کے آبپاشی محکموں کے پرنسپال سکریٹریز کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کا قابل قبول حل نکالنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں جن امور پر بات چیت ہوئی ہے ان کی روشنی میں ایک قابل قبول حل نکالنا دونوں ریاستوں کی ذمہ داری ہے ۔ اے پی کے پرنسپال سکریٹری( آبپاشی) آدتیہ ناتھ داس اور تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری محکمہ آبپاشی ایس کے جوشی آج منعقدہ اجلاس میں شریک تھے جس کی صدارت ایس کے جی پنڈت نے کی ۔ یہ اجلاس جل سودھا میں منعقد ہوا جس میں کئی اعلی عہدیداروں نے شرکت کی جن میں تلنگانہ کے مشیر آبپاشی ودیا ساگر راؤ کا نام قابل ذکر ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے دریائے کرشنا کا 3ٹی ایم سی پانی سری سلیم میں برقی پیداوار کے لئے استعمال کرلینے بورڈ کی تجویز پر مبینہ طور پر رضا مندی کا اظہار نہیں کیا۔ حکومت نے کہہ دیا کہ وہ اس مسئلہ پر بعد ازاں اپنا موقف واضح کرے گی ۔ اس طرح بورڈ کا آج کا اجلاس پھر ایک بار غیر مختتم ثابت ہوا ۔ بورڈ کے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس، خوشگوار اور خیر سگالی ماحول میں منعقد ہوا جہاں دونوں ریاستوں کے نمائندوں کے درمیان پانی اور توانائی کی ضرورتوں پر خیالات و نظریات کی سماعت کی گئی ۔ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائی پانی کے وسائل سے متعلق انتظامی امور اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے تفصیلی ڈیٹا کی ضرورت ظاہر کی گئی اور اس پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ بورڈ نے فریقین (دونوں ریاستوں) کے نقاط نظر کی سماعت کرلی ہے اورجلد اپنے نظریات سے آگاہ کرے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں