جموں و کشمیر سرحدی مواضعات میں عوام کے لئے بنکرس تعمیر کرنے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-11

جموں و کشمیر سرحدی مواضعات میں عوام کے لئے بنکرس تعمیر کرنے کا حکم

جموں
پی ٹی آئی
سرحدی مواضعات کے عوام پاکستانی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن رہے ہیں جس کے پیش نظر چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں میں بین الاقوامی سرحد سے متصل مواضعات میں کمیونٹی بنکرس تعمیر کریں۔ واضح رہے کہ زائد از32ہزار افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی سرحد سے متصل113گاؤن ویران ہوگئے ہیں۔7اور8اکتوبر کی درمیانی رات بین الاقوامی سرحد پر ہند، پاک فوج کے درمیان فائرنگ کا زبردست تبادلہ ہوا ۔ قبل ازیں پاکستانی رینجرس نے جموں، سامبا ، کٹھوا اضلاع میں ہندوستانی فوج کی انٹر نیشنل بارڈر پر واقع60سرحدی چوکیوں اور 130سرحدی مواضعات کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجہ میں15افراد زخمی ہوئے تھے جن میں3بی ایس ایف جوان بھی شامل تھے ۔ عمر عبداللہ نے کل شام ڈیویژنل سطح کے عہدیداروں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی قیادت کی جس میں سرحد پر لڑائی بندی کی خلاف ورزی کے مسئلہ کا جائزہ لیا گیا ۔ عمر عبداللہ نے سرحدی علاقوں میں کمیونٹی بنکرس تعمیر کرنے کی ہدایت دی جن کا ضرورت پڑنے پر دیہی عوام استعمال کرسکیں گے۔
چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لئے طبی سہولیات ’غذا‘ پینے کا پانی اور برقی سربراہی کو یقینی بنائیں ۔ اسی دوران سرحد پار سے گزشتہ9دن سے جاری زبردست فائرنگ اور شلباری میں کل رات قابل لحاظ کمی آئی ہے۔ پاکستان نے کل ضلع کٹھوا میں صرف سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کی ۔ جموں اور سامبا اضلاع میں بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ نہیں ہوئی لیکن پاکستانی فوج نے ضلع کٹھوا کے ہیرا نگر سیکٹر میں چار ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر نے ان شیلٹر کیمپس کا دورہ کیا جہاں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے متاثرہ ہزاروں افراد نے پناہ لی ہے ۔ عمر عبداللہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ ان کیمپوں کا دورہ کیا اور یہاں قیام اور عوام کو فراہم کی جانے والی غذا کے معیار کا جائزہ لیا ۔ گزشتہ9دن سے بین الاقوامی سرحد سے متصل مواضعات میں پاکستان کی شلباری اور فائرنگ کی وجہ سے زائد از32ہزار افراد اپنے مکانات سے فرار ہوچکے ہیں ۔ اس فائرنگ اور شلباری میں8افراد ہلاک اور تقریباً90زخمی ہوئے ہیں جن میں13سیکوریٹی اہلکار بھی شامل ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں